ٹوئٹر یا فیس بک؟

اس نئے ڈیزائن کی اہم بات پروفائل کے سب اوپر فیس بک اور گوگل پلس کی طرح ایک بڑی تصویر کی جگہ ہے

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشناس نئے ڈیزائن کی اہم بات پروفائل کے سب اوپر فیس بک اور گوگل پلس کی طرح ایک بڑی تصویر کی جگہ ہے
    • مصنف, طاہر عمران
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

ٹوئٹر نے اپنی ویب سائٹ پر صارفین کی پروفائل کا نیا ڈیزائن جاری کیا ہے جو بہت حد تک فیس بک سے ملتا جلتا ہے۔

ابتدائی طور پر ٹوئٹر نے اسے چند ممالک میں مختصر تعداد میں صارفین کے لیے جاری کیا تھا مگر آج سے اسے تمام دنیا کے صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

آج سے آپ اپنی پروفائل کے اوپر ایک نشان دیکھ رہے ہوں گے جس میں ٹوئٹر آپ کو اس نئے پروفائل ڈیزائن کا جائزہ لینے کی دعوت دیتا ہے اور اگر آپ پسند کریں تو آپ اس نئے ڈیزائن کو اپنا سکتے ہیں۔

اس نئے ڈیزائن کا اگر جائزہ لیں تو اس میں آپ کو مندرجہ ذیل نئی چیزیں دیکھنے کو ملیں گی۔

سب سے پہلے پروفائل کے اوپری حصے میں ایک بڑی تصویر کی جگہ بنائی گئی ہے جیسی سہولت فیس بک اور گوگل پلس آپ کو دیتا ہے۔ اس تصویر کا سائز 1500 ضرب 500 پکسسلز کا ہے اس کے لیے اہم بات یہ ہے کہ کوشش کر کے تصویر بہتر ریزولوشن کی لگائیں تاکہ اپ لوڈ کرنے پر پھٹ نہ جائے۔

اس کے ساتھ ساتھ پروفائل کی تصویر کا سائز بھی بہتر کیا گیا ہے جو کہ اب 400 ضرب 400 پکسلز کا ہے۔

اس تصویر میں دکھائی دینے والی تین ٹویٹس میں سے دو کو بڑا کر کے دکھایا گیا ہے جو ہمارے فالوورز کی زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

،تصویر کا ذریعہtwitter

،تصویر کا کیپشناس تصویر میں دکھائی دینے والی تین ٹویٹس میں سے دو کو بڑا کر کے دکھایا گیا ہے جو ہمارے فالوورز کی زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

اس کے بعد بہترین ٹویٹس کو ٹوئٹر باقی الفاظ کے مقابلے میں تھوڑا بڑا کر کے دکھائے گا جسے یا تو زیادہ دیکھا جا رہا ہے یا اس کا زیادہ ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں آپ کو پروفائل کے ردِ عمل کو دیکھنے کے لیے نوٹیفیکشن کو بار بار دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور آسانی سے پتا چل سکےگا کہ کون سی ٹویٹ زیادہ مقبول ہے۔

نئے ڈیزائن میں آپ اپنی بہترین ٹویٹ یا ایسی ٹویٹ جسے آپ چاہتے ہیں کہ لوگ زیادہ دیر تک دیکھ سکیں کہ سب سے اوپر پِن کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔ پِن کرنے کا مطلب ہے کہ یہ ٹویٹ تب تک سب سے اوپر رہے گی جب تک آپ اسے ہٹائیں گے نہیں۔ اس کے نتیجے میں لوگ آپ کی ٹائم لائن پر موجود بہت سارے مواد میں سے بہتر مواد تک رسائی آسانی سے حاصل کر سکیں گے چاہے وہ کوئی ویڈیو ہو یا لنک۔

اگر آپ صرف تصاویر یا ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کی ٹائم لائن کچھ یوں دکھائی دے گی۔

،تصویر کا ذریعہTwitter

،تصویر کا کیپشناگر آپ صرف تصاویر یا ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کی ٹائم لائن کچھ یوں دکھائی دے گی۔

ایک نئی چیز انتخاب کے حوالے سے ہے جس میں آپ انتخاب کر سکتے ہیں کہ آپ کون سی ٹائم لائن دیکھنا چاہتے ہیں۔ کیا آپ صرف ٹویٹس دیکھنا چاہتے ہیں یا ایسی ٹویٹس دیکھنا چاہتے ہیں جن کے ساتھ تصاویر ہوں یا ویڈیوز ہوں یا پھر ٹویٹس اور اس کے جوابات۔ ان میں کسی بھی کا انتخاب کر کے آپ ٹائم لائن دیکھ سکتے ہیں۔

ٹوئٹر نے اپنے بلاگ میں اس نئے ڈیزائن کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’ظاہری طور پر آپ کو بہت تبدیلی دکھائی دے گی مگر یقین رکھیں جس طریقے سے آپ ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں وہ نہیں بدل رہا ہے۔‘

اہم بات یہ ہے کہ جہاں اس نئے ڈیزائن نے سہولیات پیدا کی ہیں وہیں ٹوئٹر کی سادگی کو پسند کرنے والے صارفین اس نئے لے آؤٹ کے بارے میں کچھ زیادہ پرجوش نہیں ہوں گے۔