سؤر کے پیٹ میں انسانی اعضا اگانے کا اچھوتا خیال

- مصنف, روپرٹ ونگ فیلڈ ہیز
- عہدہ, بی بی سی نیوز، جاپان
میں جس آپریشن تھیٹر میں سرجن اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے ساتھ موجود ہوں، وہ کسی ہسپتال میں نہیں بلکہ جاپان کے دیہی علاقے میں ایک زرعی فارم میں واقع ہے اور آپریشن ٹیبل پر موجود مریضہ ایک چھ ماہ کی مادہ سؤر ہے۔
کمرے میں موجود سرجن پروفیسر ناگاشیما احتیاط سے اس کا پیٹ کاٹ کر رحم باہر نکالتے ہیں اور اس میں سرنج کی مدد سے 40 جنین (ایمبریو) داخل کرتے ہیں۔
یہ بےہوش مادہ سؤر ’سروگیٹ مدر‘ یا کرائے کی ماں بننے والی ہے اور اس میں داخل کیے جانے والے ایمبریو بہت خاص ہیں کیونکہ یہ ’دوغلے‘ ہیں، یعنی ان میں دو مختلف جانوروں کا جینیاتی مواد شامل ہے۔
پروفیسر ناگاشیما مجھے قریب ہی واقع ایک عمارت میں لے جاتے ہیں لیکن وہاں جانے کے لیے مجھے حفاظتی لباس پہننا پڑتا ہے لیکن یہ لباس میرے تحفظ کے لیے نہیں بلکہ اس کا مقصد اس عمارت کے رہائشیوں یعنی دوغلے سؤروں کا بچاؤ ہے۔
یہیں مجھے سؤر نمبر 29 کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ اس سفید سؤر کے اندر ایک سیاہ سؤر کا لبلبہ لگایا گیا ہے۔
یہ کیسے ممکن ہوا؟ اس کے لیے پروفیسر ناگاشیما کے بقول سفید سؤر کے ایمبریو میں سیاہ سؤر کا لبلبہ بنانے والے جین ڈالے گئے اور وہ جین جن کے اندر اس کے اپنے لبلبے کی تشکیل کی ہدایات موجود تھیں، انھیں بند کر دیا گیا۔ لبلبہ بنانے والے یہ جین سٹیم سیل سے حاصل کیے گئے تھے۔
لیکن یہ صرف پہلا قدم ہے۔

ٹوکیو یونیورسٹی کی تجربہ گاہ میں پروفیسر ہیرو ناکوچی اس سے آگے بڑھ رہے ہیں جو انتہائی حیرت انگیز بات ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پروفیسر ناکوچی نے ایک بالغ بھورے چوہے کی جلد کے خلیے لیے، پھر انھیں جینز میں تبدیلی کر کے انھیں ’انڈیوسڈ پلوری پوٹنٹ سٹیم سیلز‘ یا ’آئی پی ایس‘ خلیے بنا دیا۔ اب یہ خلیے سٹیم سیل کی مانند اس جانور کے جسم کے کسی بھی حصے کی تشکیل میں کام آ سکتے ہیں۔
آئی پی ایس خلیے پہلی مرتبہ 2006 میں جاپانی طبی محقق ڈاکٹر شنیا یاماناکا نے تخلیق کیے تھے اور اس پر انھیں 2012 میں نوبیل انعام بھی دیا گیا تھا۔
سوال یہ ہے کہ یہ سب اتنا اہم کیوں ہے؟
اس تحقیق کا حتمی مقصد سؤروں کے اندر انسانی اعضا اگانا ہے۔ یہ خود اپنی جگہ سائنس کا بڑا کارنامہ ہوگا۔ لیکن پروفیسر ناکوچی اس سے بھی آگے جانے کے لیے کوشاں ہیں۔
وہ ایسی تکنیک کی تیاری کے لیے کوشاں ہیں جس میں انسانی جلد کے خلیوں کو آئی پی ایس بنایا جا سکے، جس کے بعد انھیں سؤر کے ایمبریو میں داخل کیا جا سکے گا۔
پروفیسر ناکوچی کو امید ہے کہ اس عمل سے سؤر کے جسم کے اندر انسانی لبلبہ، گردہ یا جگر یا پھر دل تک بن سکے گا اور یہی نہیں بلکہ یہ عضو جینیاتی طور پر اسی فرد سے مماثلت رکھے گا جس کی جلد کے خلیے استعمال کیے گئے تھے۔

ضرورت مند مریض سے جینیاتی طور پر مماثلت رکھنے والا انسانی عضو اگانا طبّی سائنس کے حتمی عزائم میں سے ایک ہے کیونکہ اس صورت میں نہ صرف خراب عضو والے مریضوں کا اس کی تبدیلی کے لیے انتظار ختم ہو جائے گا بلکہ جسم کے کسی دوسرے فرد کے عضو کو قبول نہ کرنے جیسی مشکلات بھی پیدا نہیں ہوں گی۔
تاہم اس سلسلے میں ابھی کئی اہم رکاوٹیں حائل ہیں۔ پہلا مسئلہ یہ ہے کہ انسانوں اور سؤروں کا جینیاتی تعلق بڑے دور کا ہے۔ سفید سؤر میں سیاہ سؤر کا لبلبہ اگانا اور بات ہے لیکن اس میں انسانی لبلبہ اگانا کہیں زیادہ مشکل کام ہے۔
پروفیسر ناکوچی کو یقین ہے کہ ایسا ممکن ہے اور اس کام میں کم از کم پانچ برس کا عرصہ لگ سکتا ہے لیکن وہ تسلیم کرتے ہیں کہ یہ عرصہ اس سے کہیں زیادہ طویل بھی ہو سکتا ہے۔
ایک اور مسئلہ اس عمل کی منظوری حاصل کرنا ہے۔ جاپان میں انسان اور جانور کے اعضا کے اتصال کی اجازت نہیں۔ پروفیسر ناکوچی اس سلسلے میں قانون میں تبدیلی کے لیے کوشاں ہیں لیکن اگر یہ ممکن نہ ہوا تو انھیں باقی تحقیق کے لیے امریکہ کا رخ کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ نئی سائنسی تحقیق کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھتی رہی ہے۔ انھوں نے آئی وی ایف (ٹیسٹ ٹیوب بے بی) کی مثال دی اور کہا کہ 1970 کی دہائی میں جب برطانیہ میں بانجھ پن کا یہ طریقۂ علاج دریافت ہوا تھا تو اس کی بہت مخالفت ہوئی تھی، لیکن آج یہ دنیا بھر میں استعمال کیا جاتا ہے اور کوئی اسے عجیب یا غیر اخلاقی نہیں سمجھتا۔
اس معاملے پر اخلاقی بحث جو بھی ہو دنیا میں نئے گردے یا جگر کے منتظر لاکھوں افراد کے لیے اعضا اگانے کا خیال بے حد خوش کن ہے۔







