’قطب جنوبی سرد ترین اور صحرائے لوط گرم ترین مقام‘

تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ سیٹیلائٹ کے ذریعے کرہ ارض پر سب سے ٹھنڈی جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے اور اس جگہ درجہ حرارت منفی 93.2 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
اور یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں ہو گی اگر یہ بتایا جائے کہ یہ جگہ قطب جنوبی کے وسط میں واقع ہے۔
تحقیق دانوں کے مطابق اس جگہ پر منفی 93.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت دس اگست 2010 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ درجۂ حرارت غیر حتمی ہے اور جب تمام ڈیٹا کو اکٹھا کیا جائے گا تو عین ممکن ہے کہ اس جگہ کا درجۂ حرارت ایک ڈگری مزید کم ہو۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قطب جنوبی ہی میں سب سے کم درجہ حرارت ریکاڈ کیا گیا تھا جو کہ 89.2 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ یہ درجہ حرارت قطب جنوبی میں روس کے ووستک بیس پر اکیس جولائی 1983 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔

امریکی ریاست کولوراڈو کے نیشنل سن اینڈ آئس ڈیٹا سینٹر کے ڈاکٹر ٹیڈ سکیمبوس کا کہنا ہے ’مجھے معلوم ہے کہ اتنا کم درجۂ حرارت کا سوچنا بھی مشکل ہے۔ میں اس درجۂ حرارت کو اس طرح پیش کرتا ہوں کہ یہ اتنا ہی ٹھنڈا علاقہ ہے جتنا کہ ابلتا ہوا پانی گرم ہوتا ہے۔‘
ڈاکٹر سکیمبوس نے گینس بک آف ورلڈ ریکارڈ کو تنبیہ کی ہے کہ وہ ابھی اس جگہ کو اپنی کتاب میں شامل نہ کریں کیونکہ آیندہ آنے والے سالوں میں درجہ حرارت تبدیل ہو گا۔
جہاں سیٹیلائٹ کے ذریعے ٹھنڈی ترین جگہ کا تعین کیا گیا ہے وہاں گرم ترین جگہ کا بھی نام لیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سیٹیلایٹ کے ذریعے موصول ہونے والے ڈیٹا کے مطابق گرم ترین جگہ ایران کے جنوب مشرقی علاقے میں صحرائے لوط ہے جہاں کا درجہ حرارت سنہ 2005 میں 70.7 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا تھا۔
تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ نظام شمسی کا سب سے ٹھنڈا علاقہ تو کہیں دور دراز سیارچوں کے درمیان ہو گا۔ تاہم چاند پر منفی 238 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔







