جاپان: کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنجاپان کے زلزے سے متاثر ہونے والی کمپنیوں میں سونی، پینا سونک، توشیبا اور کینن شامل ہیں

جاپان میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد وہاں کی ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو اپنی سروسز کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

جاپان میں سونامی سے انفراسٹرکچر کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے۔

جاپان دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کمپنیوں کا مرکز ہے۔

ان کمپنیوں نےحفاظتی نقطہ نظر کی وجہ سے اپنی پیداوار بند کر دی ہے۔

جاپان کے زلزے سے متاثر ہونے والی کمپنیوں میں سونی، پینا سونک، توشیبا اور کینن شامل ہیں۔

پینا سونک کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکوں کی وجہ سے وہ شمالی جاپان میں قائم اپنی دو فیکٹریوں کا معائنہ نہیں کر سکے۔

سونی کپمنی کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھوں نے اپنے سات پیدواری پلانٹس پر جاری کام کو بند کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق کمپنی نے تجاؤ میں قائم ٹیکنالوجی سینٹر کو بھی بند کر دیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گنما کمپلیکس میں جاری آپریشنز ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی کی بجلی بند ہو جانے کے باعث متاثر ہوں گے۔

توشیبا کمپنی کے ترجمان کے مطابق کہ اُن کی کمپنی جاپان کے شمال میں چپ فیکٹری کا کام دوبارہ شروع کرے گی۔

کینن کمپنی کے ترجمان کے مطابق اُن کی کمپنی کے تین پلانٹس زلزلے کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کینن کمپنی ایل سی ڈی سکرین ، لینز اور انک جیٹ پرنٹرز بناتی ہیں۔

دوسری جانب جاپان کے ایک بہت بڑے حصے میں بجلی دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے ہائی ٹیک انڈسٹری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جاپان کی ٹیلی فون آپریٹر این ٹی ٹی کے مطابق ملک میں آنے والے زلزلے کی وجہ سے آٹھ لاکھ سے زائد ٹیلی فون لائنز متاثر ہوئی ہیں جبکہ چار لاکھ، پچہتر ہزار،چار سو فائیبر آپٹک لائنز بھی متاثر ہوئی ہیں۔