آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بلوچستان کی ولاگر انیتا جلیل نے ساتھی فنکار کے خلاف ہراسانی کا مقدمہ درج کرا دیا
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے پہلی ولاگر کا اعزاز رکھنے والی خاتون انیتا جلیل بلوچ نے اپنے دو مرد فنکار ساتھیوں پر ہراسانی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔
ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انیتا جلیل نے ہراسانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے ایف آئی آر درج کرا دی ہے اور ساتھ ہی انھوں نے گوادر کی پولیس اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
چند روز قبل انیتا جلیل کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ خبریں آ رہی تھیں کہ انھوں نے خود کشی کی کوشش کی ہے۔
ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں وہ زخمی حالت میں لوگوں سے اپنی صحت یابی کی دعا کی درخواست کر رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’خواتین کی عزت کا خیال نہیں رکھا جاتا‘
اس ویڈیو میں انیتا بتاتی ہیں کہ وہ بہت نالاں ہیں کیونکہ ان کے ساتھ دو تین روز قبل ان کے گھر پر جو کچھ ہوا وہ ان کے لیے ناقابل برداشت تھا۔ وہ کہتی ہیں کہ اس کی وجہ سے انھوں نے اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کی اور اب بیمار ہیں۔
ویڈیو میں انیتا کا موقف تھا کہ انھوں نے پہلے دیگر بلوچ لڑکیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کہ وہ بلوچی فلموں اور تھیٹر میں کام کریں لیکن اب ان کی رائے مختلف ہے کیونکہ ’خواتین کی عزت کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔‘
اس ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد پولیس نے انیتا اور ان کے رشتہ داروں سے رابطہ کیا۔
گوادر پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ انیتا یا ان کا کوئی مرد رشتہ دار خود یہ مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس سٹیشن میں نہیں آیا اور نہ ہی انھوں نے پولیس سے رابطہ کیا بلکہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے خود نوٹس لیا تھا اور کارروائی کی ہدایت کی۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اہلکار انیتا کے گھر گئے اور اس سلسلے میں معلومات حاصل کر کے مقدمہ درج کیا۔
ایف آئی آر میں کیا ہے؟
انیتا جلیل نے پولیس اہلکاروں کو بتایا ہے کہ وہ گھر پر اپنے چچا عبد الحق عرف اقل اور عبد الجبار کے ساتھ موجود تھیں۔
ان کے مطابق 8 دسمبر کو رات ساڑھے سات بجے تین افراد گھر میں آئے جن میں بلوچ حسین، ان کی اہلیہ اور سرفراز احمد شامل تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق گھر آنے والے مرد نشے میں تھے اور گھر میں داخل ہوتے ہی ان کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کرنے لگے۔
ان کا کہنا تھا کہ گھر میں موجود ان کے چچا عبد الحق اور عبد الجبار نے تینوں کو گھر سے نکال دیا۔ انھوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ ان افراد نے ان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے علاوہ انھیں ہراس کا نشانہ بنایا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے لیکن تاحال ان میں سے کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
انیتا جلیل کی وجہ شہرت کیا بنی؟
انیتا جلیل بلوچی تھیٹراور فلم میں بھی کام کرتی رہی ہیں لیکن ان کو سب سے زیادہ شہرت ولاگنگ سے ملی۔
اپنے ولاگز کے ذریعے سیاحوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ خوبصورت جگہیں بھی متعارف کروانے والی انیتا جلیل کو نہ صرف گوادر بلکہ مکران کی پہلی خاتون ولاگر کہا جاتا ہے۔
کچھ عرصہ قبل بی بی سی کو ایک انٹرویو میں انھوں نے بتایا تھا کہ انھوں نے گذشتہ سال ولاگنگ شروع کی جس کی واحد وجہ باقی دنیا کو گوادر اور اس کے لوگوں کے بارے میں بتانا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں پیدا ہونے اور پرورش پانے کی وجہ سے وہ گوادر کو باقی لوگوں سے زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ سکتی ہیں اور اپنے ولاگز میں وہ ایسی چیزیں دکھاتی ہیں جو باقی دنیا کو پہلے کبھی نہیں دکھائی گئیں۔