نئے فنڈ کا مقصد ملیریا سے ہونے والی ہلاکتوں کو روکنا ہے: بل گیٹس

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ ان کی فاؤنڈیشن اور دیگر ڈونرز تقریباً چار ارب ڈالر کا نیا فنڈ جاری کرنے کا اعلان کریں گے جس کا مقصد ملیریا سے ہونے والی ہلاکتوں کو روکنا ہے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی رقم کو ملیریا کے پھیلاؤ سے روکنے کے لیے استعمال کیا جائے۔

مائیکروسافٹ کے بانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کا ایک مقصد ملیریا کے خلاف طویل عرصے تک چلنے والی ویکسین کی تلاش ہے۔

لندن میں ملیریا کے حوالے سے ہونے والے ایک سربراہی اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ دو دہاہیوں میں کمی کے بعد یہ بیماری زیادہ عام ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بل گیٹس نے مزید کہا کہ مچھر نے موجودہ دوا کے خلاف مدافعت پیدا کر لی ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سنہ 2015 سے 2016 کے درمیان ملیریا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں پانچ لاکھ کا اضافہ ہوا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈمنوم گوٹھائیس نے ملیریا کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غریب ممالک میں ملیریا ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق سنہ 2015 میں ملیریا کے 21 کروڑ 40 لاکھ نئے کیسز سامنے آئے جن میں چار لاکھ 38 ہزار افراد ملیریا کے وجہ سے موت کا شکار ہوئے۔

واضح رہے کہ ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں لوگ ملیریا کا شکار ہوتے ہیں۔ یہ بیماری ایک ایسے جراثیم کی وجہ سے ہوتی ہے جو کہ عموماً خون چوسنے والے مچھروں سے پھیلتا ہے۔

ہر سال تقریباً 7 لاکھ افراد ملیریا کی ایسی قسم سے ہلاک ہوتے ہیں جس پر ادویات کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔