بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کی ویڈیو ہٹانے پر فیس بک کی معافی

،تصویر کا ذریعہCANCERFONDEN
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے چھاتی کے سرطان سے متعلق بیداری کے لیے ایک اشتہاری ویڈیو کو ہٹانے پر معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسا غلطی سے ہوا۔
اس ویڈیو کو سویڈین کے ایک گروپ 'کینسر فاؤنڈین' نامی ادارے کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ کیا گيا تھا۔
اس ویڈیو میں خاکوں کے ذریعے خواتین کے جسم کو دکھایا گیا ہے۔ ان کی چھاتیوں کو گلابی رنگ کے دائرے کی شکل میں دکھاتے ہوئے یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ان میں پڑنے والی گانٹھ یا سوزن کا کیسے پتہ لگایا جا سکتا ہے۔
لیکن سوشل میڈیا ویب سائٹ کی جانب سے اس ویڈیو کو دل آزاری والا خیال کر کے اسے ہٹا دیا گیا تھا۔
فیس بک کی ایک ترجمان نے بی بی سی کو دیے گئے ایک بیان میں کہا کہ سوڈین کی جانب سے سرطان سے متعلق ویڈیو کو منظوری دے دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا: 'ہمیں بہت افسوس ہے، ہماری ٹیم ہر ہفتے لاکھوں اشتہاری تصاویر پر کام کرتی ہے، اور بعض معاملات میں ہم غلطی سے اشتہار کو ممنوع قرار دے دیتے ہیں۔'
یہ ویڈیو ہماری اشتہار سے متعلق پالیسیوں کے خلاف نہیں ہے۔ ہم اپنی غلطی پر معذرت کرتے ہیں اور ہم نے اشتہار دینے والے کو بتا دیا ہے کہ ہم ان کے اشتہار کو منظور کر رہے ہیں۔'

،تصویر کا ذریعہCANCERFONDEN
فیصلہ بدلنے سے پہلے کینسر فاؤنڈین نے فیس بک کو ایک کھلا خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ اس مہم کا مطلب کسی کی دل آزاری کرنا نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس میں مزيد کہا گيا تھا کہ اس نے اس کا حل اس طرح سے نکالا ہے کہ چھاتیوں کےگلابی دائروں کو چوکور کر دیا گیا ہے۔
گذشتہ ماہ بھی فیس بک نے جب 'ناپلم گرل' کے نام سے معروف تصویر یہ کہہ کر ہٹائی تھی کہ اس سے عریانیت کا اظہار ہوتا ہے تو اس پر بھی کافی واویلا مچا تھا۔
بعد میں سائٹ نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا اور مشہور تصویر کی اشاعت کی اجازت دے دی تھی۔
ناپلم گرل کے نام سے معروف تصویر میں ویتنام جنگ کے دوران ناپلم بم کے حملے کے بعد بری طرح سے جھلس جانے والی ایک لڑکی کو وہاں سے بھاگتنے کی کوش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فیس بک پر ایسی بھی کئی تصویروں کو ہٹانے کے الزام لگ رہے ہیں جس میں ماں اپنے بچے کو چھاتی سے دودھ پلارہی ہوں۔
اطلاعات کے مطابق اسی طرح کی بعض دوسری تصویریں، بشمول میموگرام کے اور ٹیکنیشیئن کے جانب سے چھاتی کے سرطان سے بچ جانے والی خواتین کی چھاتیوں پر ٹیٹو بنائے جانے کی ویڈیوز وغیرہ کو بھی فیس بک نے اپنی سائٹ سے ہٹایا ہے۔







