چین پر ایمنسٹی کی نئی رپورٹ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بیجنگ اولمپکس کی وجہ سے چین میں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوا ہے اور وہاں صورت حال بدتر ہوتی چلی جا رہی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشیل نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا کہ چین کے حکام بیجنگ اولمپکس سے پہلے چین میں استحکام اور ہم آہنگی کا تاثر دینے کے لیے انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں کی زبان بندی کر رہے ہیں اور انہیں جیلوں کی سلاخوں میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق بیجنگ میں اس سال اگست میں ہونے والے اولمپکس کھیلوں کی وجہ سے چین میں جبر کی ایک لہر آئی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین پر آواز اٹھانے کی پاداش میں مقدمات بنائے جارہے ہیں اور انہیں جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق اب اس بات کا امکان بڑھ گیا ہے کہ اولمپکس کے کھیل چین میں انسانی حقوق کی کوئی اچھی روایت چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔
انسانی حقوق کے عالمی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ عالمی رہنما چین اور خاص طور پر تبت میں انسانی حقوق کی ابتر صورت حال پر خاموش رہ کر اس جرم میں شامل ہونے کا خطرہ مول لیں گے۔ چین نے حالیہ دنوں میں اس بات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیم اس کے بقول سیاسی معاملات کو اولمپکس سے الجھا رہی ہیں۔ ایمنسٹی کی تازہ رپورٹ جس میں چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا ہے لازمی طور پر بیجنگ اولمپکس کے بائیکاٹ کے مطالبے میں مزید شدت کا باعث بنے گی۔ اب تک انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے بڑی شدت سے اس بات پر اصرار کیا ہے کھیلوں کو سیاسی معاملات سے علیحدہ رکھا جانا چاہیے۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے عہدیدار ان دنوں بیجنگ اولپمکس سے قبل تیاروں کا جائزہ لینے کے لیے چین کے دورے پر ہیں۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سربراہ ہین وربرجن نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں جس طرح بیجنگ اولمپکس ایسے معاملات سے الجھ رہے ہیں جن کا کھیلوں کے انعقاد سے کوئی تعلق نہیں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔ اس اعتراف کے ساتھ ہی انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کا سرکاری موقف دہرایا گیا کہ ان کی توجہ کا مرکز کھیلوں کا کامیابی سے انعقاد ہے۔ تاہم بیجنگ اولمپکس کے جزوی اور مکمل بائیکاٹ کے مطالبے میں شدت آتی جا رہی ہے۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||