’حقِ زندگی کا احترام کریں‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر جہانگیراشرف قاضی نے عراق کی عبوری حکومت سے کہا ہے کہ وہ موت کی سزا کے دوبارہ شروع کئے جانے والے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ عراق میں موت کی سزا کے دوبارہ شروع کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسان کے زندہ رہنے کے حق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ موت کی سزا سنائے جانے پر اشرف قاضی نے افسوس کا اظہار کیا۔ عراق پر امریکی حملے کے بعد سنگین جرائم میں ملوث افراد کو موت کی سزا دینے کے سلسلے کو روک دیا گیا تھا۔ عبوری حکومت کے دور میں پہلی مرتبہ زنا اور قتل کے تین مجرموں کو موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ عبوری صدر جلال طالبانی نے ان تینوں مجرموں کو موت کی سزا دیے جانے کے حکم نامے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے اور انہوں نے اپنے نائب عدل عبدل مہدی کو حکم نامے پر دستخط کرنے کے اختیارات سونپ دیئے ہیں۔ ان تین مجرموں کو موت کی سزا پر عملدرآمد ایک مثال قائم کردے گی جس کا اثر صدام حسین پر چلائے جانے والے مقدمے پر پڑ سکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||