عراق: 31 امریکی فوجی ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی فوج کی جانب سے جاری کی گئی اطلاعات کے مطابق مغربی عراق میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں اکتیس امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی وزارتِ دفاع کے ترجمان کے مطابق فرسٹ میرین ڈویژن کے فوجیوں کو لے کر جانے والا یہ ہیلی کاپٹر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر بیس منٹ پر اردن کی سرحد کے قریب گِر گیا۔ حادثہ کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں ہیں اور جائے حادثہ کی جانب امدای ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ یہ امریکی فوج کا 2003 میں عراق میں آمد سے لے کر اب تک ایک واقعے میں ہونے والا سب سے بڑا نقصان ہے۔اس سے قبل امریکی فوج کا سب سے زیادہ جانی نقصان دسمبر میں موصل میں ہوا تھا جب اٹھارہ امریکی فوجی ایک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ نومبر دو ہزار تین میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے تھے جس میں سترہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے کچھ ہی دنوں بعد ایک اور ہیلی کاپٹر کے گرنے سے سولہ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ دریں اثناء بغداد کے شمال میں بعقوبہ کے مقام پر شدت پسندوں نے کمیونسٹ پارٹی اور ایک کرد جماعت کے دفاتر پر حملے کیے۔ حکام کے مطابق ان حملوں میں ایک پولیس اہلکار ہوا۔ شدت پسندوں نے اتوار کو عراق میں ہونے والے انتخابات کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||