بغداد: ٹینکر بم دھماکہ، نو ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی دارالحکومت بغداد میں ایک مبینہ خود کش حملہ آور نے مسلح تیل کے ٹینکر میں بم کا دھماکہ کیا ہے جس میں نو افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ جمعہ کی رات اس علاقے میں ہوا ہے جہاں بیشتر سفارتخانے قائم ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے حملہ آور نے ہیڈ لائٹس کھولے بغیر تیز رفتاری سے تیل کا ٹینکر اردن کے سفارتخانے کے نزدیکی علاقے میں گھسایا جس کے بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ ہلاک شدگان میں ایک ہی خاندان کے سات افراد شامل ہیں جنہیں بعد میں منہدم ہونے والے گھروں کے ملبے سے نکالا گیا۔ یہ حملہ امریکی وزیر دفاع ڈونالڈ رمز فیلڈ کے عراق کے اچانک دورے کے بعد ہوا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ آگ کا ایک گولہ ٹینکر سے نکل کر فضا میں بلند ہوتا دکھائی دیا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ حملہ آور کا نشانہ کیا تھا تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹینکر اردن کے سفارتخانے کی سمت میں بڑھ رہا تھا۔ علاقے کے تین گھر دھماکے میں مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔ اس علاقے میں کئی غیر ملکی سفارتکار بھی مقیم ہیں۔ دھماکے کا نشانہ بننے والے خاندان کی صرف ایک خاتون زندہ بچی ہیں۔ جبکہ سات ہلاک شدگان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے کل نو افراد میں حمہ آور بھی شامل ہے تاہم اس کی لاش نہیں مل سکی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں سے چند بہت بری طرح جھلس گئے ہیں۔ عراق کے دیگر شہروں میں بھی کئی پر تشدد واقعات پیش آئے ہیں جن میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||