مخلوط حکومت بنانے پر بات چیت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیل میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت لیبر پارٹی نے وزیر اعظم ایریل شیرون کی حکمراں جماعت لیکود پارٹی کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانے کے بارے میں بات چیت کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ لیبر پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے متفقہ ووٹ کے ذریعے یہ رائے دی۔ اس بات چیت کے لیے راہ اس وقت ہموار ہوئی جب وزیر اعظم شیرون کی لیکود پارٹی نے اس ہفتے لیبر کے ساتھ مل کر حکومت بنانے پر پابندی ہٹا دی۔ وزیر اعظم ایریل شیرون کو لیبر پارٹی کی مدد کی ضرورت ہے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ پارلیمان میں ان کی اکثریت دوبارہ بحال ہو جائے تاکہ وہ غزہ سے یک طرفہ انخلاء کے اپنے منصوبے کو عملی جامع پہنا سکیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ انکی دائیں بازو کی جماعت لیکود پارٹی صرف لیبر پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت نہیں بنانا چاہتی۔ بلکہ اس کے ارکان کا اصرار ہے کہ حکومت میں دو مذہبی جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے جس سے مذاکرات کی راہ میں مشکلات آ سکتی ہیں۔ لیکود پارٹی نے مسٹر شیرون کو بہت مشکل سے لیبر پارٹی سے مذاکرات شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ مسٹر شیرون نے اپنی پارٹی کو تنبیہہ کی تھی کہ اگر انہیں لیبر سے مل کر حکومت بنانے کی اجازت نہ دی گئی تو نتیجہ قبل از وقت انتخابات کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ مسٹر شیرون چاہتے ہیں کہ اگلے دو ہفتے میں نئی مخلوط حکومت کا اعلان کر دیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||