ایرئیل شیرون کی حکومت کو خطرہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیل کے وزیر اعظم ایرئیل شیرون نے اپنی ایک اتحادی پارٹی کے وزرا کو برخاست کردیا ہے جس سے ان کی مخلوط حکومت اب خطرے میں پڑ گئی ہے۔ شنوئی پارٹی کے مسٹر شیرون سے اختلافات اس وقت شروع ہوئے جب مسٹر شیرون کی حکومت نے بجٹ میں سخت گیر مذہبی گروپوں کو مالی چھوٹ دینے کی تجویز رکھی۔ شنوئی پارٹی کے ، جو ایک سیکولر جماعت ہے، وزرا نے بدھ کے روز پارلیمنٹ میں ناکام ہوجانے والے اس بجٹ منصوبوں کے خلاف ووٹ ڈالا۔ اس ووٹ کے ایک گھنٹے بعد ہی ان وزرا کو برخاست کردیا گیا لیکن اب مسٹر شیرون کے لئے ان وزرا کی حمایت کے بغیر اپنی حکومت کو قائم رکھنا بہت مشکل ہوگا۔ مسٹر شیرون کی لیکُد پارٹی کے پاس پارلیمینٹ کی ایک سو بیس میں سے صرف چالیس سیٹیں ہیں۔ اگر وہ پیر کے روز تک دوسری جماعتوں کی حمایت حاصل نہ کرسکے تو انہیں عدم اعتماد کے ووٹ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اگر مسٹر شیرون اعتماد کا ووٹ حاصل نہ کرسکے تو اسرائیل میں وقت سے دو سال پہلے الیکشن کروائے جائیں گے۔ مسٹر شیرون اپنی مخلوط حکومت کو بچانے کے لئے شائد اب بائیں بازو کی لیبر پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||