’ریڈیکل ایجنڈے کا مینڈیٹ مل گیا‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد صدر بش حسبِ معمول اپنے کام کا آغاز کرنے والے ہیں جبکہ نائب صدر ڈک چینی نے کہا ہے کہ ’ہماری فتح کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں ریڈیکل ایجنڈہ جاری رکھنے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔‘ واشنگٹن سے بی بی سی کے نامہ نگار نک چائلڈ نے بتایا ہے کہ صدر بش دوسری بار چار سال کے لیے صدر منتخب ہونے کے بعد کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور توقع ہے کہ وہ اپنے چند مشیروں کو بھی تبدیل کریں۔ گزشتہ رات صدر بش نےانتخابی فتح کے بعد اپنے حمایتوں سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ اس الیکشن کے باعث منقسم ہونے والی امریکی قوم کو متحد کرنے کی کوشش کریں گے۔ تاہم کئی تجزیہ نگاروں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ انتخابات کی وجہ سے امریکی قوم دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ صدر بش نے اپنی پہلی تقریر میں ان لوگوں سے بھی خطاب کیا ہے جنہوں نے ان کے سیاسی حریف جان کیری کو ووٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا: ’مجھے آپ کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے اور میں اسے حاصل کرنے کے لیے کام کروں گا۔ آپ کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے مجھ سے جو بھی ہوسکا کروں گا۔‘ لیکن صدر بش کے لہجے کے قطعاً برعکس نائب صدر ڈک چینی نے یہ اشارہ دیا ہے کہ امریکی انتظامیہ کو قدامت پرست سماجی اور معاشی پالیسیاں جاری رکھنے کا مینڈیٹ مل گیا ہے۔ ان پالیسیوں میں ٹیکس کے نظام کی اصلاحات سے لیکر اسقاطِ حمل اور ہم جنسوں کی شادی جیسے معاملات شامل ہیں۔ سرکاری طور پر جارج بش کے بطور صدر دوسرے دور کا آغاز اگلے برس جنوری کی اکیس تاریخ سے ہوگا جب وہ حلف اٹھائیں گے۔ واشنٹگن سے بی بی سی کے نامہ نگار جسٹین ویب کہتے ہیں کہ وزیرِ دفاع ڈونلڈ رمز فیلڈ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ان لوگوں میں شامل ہیں جو غالباً جارج بش کا دوسرا صدارتی دور پورا نہیں کریں گے۔ تاہم عراق پر امریکی پالیسی کے تسلسل کی خاطر رمزفیلڈ شاید ایک آدھ سال اور کام کرتے رہیں گے۔ وزیرِ خارجہ کولن پاول کے بارے میں ابہام پایا جاتا ہے اور توقع ہے کہ انہیں اپنا منصب چھوڑنا پڑے گا۔ یہ بات عام ہے کہ وہ وزیرِ خارجہ نہیں رہنا چاہتے۔ ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ ان کی جگہ جون ڈین فورتھ کو وزیرِ خارجہ بنا دیا جائے جنہیں حال ہی میں اقوامِ متحدہ میں امریکہ کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||