مسلمان: کیری کی حمایت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کی مسلمان تنظیموں نے سینیٹر کیری کے ساتھ مکمل اتفاق نہ کرتے ہوئے بھی ان کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مبصرین کہتے ہیں کہ اس موقع پر جب امریکہ کی دس ریاستوں میں مقابلہ اتنا سخت ہے کہ چند سو ووٹ جیت یا ہار کا سبب بن سکتے ہیں، مسلمان تنظیموں کا یہ فیصلہ سینیٹر کیری کے لئے بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ مبصرین کی نظر میں یہ فیصلہ اس لئے بھی اہم ہے کہ چند روز پیشتر رائے عامہ کے ایک جائزے میں بتایا گیا تھا کہ اسی فیصد سے زیادہ مسلمان ان تنظیموں کے فیصلے پر چلتے ہیں۔ یہ فیصلہ امریکن مسلم کی طرف سے کیا گیا ہے جو متعدد تنظیموں کا الحاقی گروپ ہے۔ اس میں امریکی مسلمانوں کی تمام قابل ذکر تنظیمیں شامل ہیں۔ امریکی انتخاب پر فیصلہ کرنے کے لئے اس الحاقی گروپ نے پولیٹیکل ایکشن کمیٹی بنائی تھی جس نے اس فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیموں کے مشترکہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کا گروہی ووٹ فلوریڈا، مشی گن، اوہائیو، پنسلوینیا اور وسکانسن جیسی ریاستوں میں الیکشن کا پانسہ پلٹ سکتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں ستر لاکھ مسلمان مقیم ہیں۔ پچھلے صدارتی انتخاب میں ان تنظیموں نے صدر بش کا ساتھ دیا تھا اور ان کا دعوی ہے کہ صدر بش کی جیت میں مسلمان ووٹوں کا بھی ہاتھ تھا- ان تنظیموں نے اپنے اعلان میں سینیٹر کیری کے بارے میں بھی شک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بھی ابھی تک مسلمانوں کے آئینی حقوق کے بارے میں واضح نقطہ نظر پیش نہیں کیا لیکن گروپ نے سینیٹر کیری کی الیکشن کمیٹی کے کو چیئر سینیٹر کینیڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کے ساتھ گفت و شنید جاری رکھی- مسلمان تنظیموں نے صدر بش پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ نے مسلمانوں کے سول اور انسانی حقوق کی پامالی کی- ان کا کہنا ہے کہ آج مسلمانوں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہری کا سلوک کیا جاتا ہے- بش انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کے بارے میں بھی سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے- اعلان میں کہا گیا ہے کہ مسلمان تنظیمیں سینیٹر کیری کے ساتھ پورا اتفاق نہ رکھتے ہوئے بھی ان کی حمایت کا اعلان کرتی ہیں کیونکہ مسلمانوں کو اس وقت اپنی سول آزادیوں کا تحفظ کرنا ہے جس کے لئے سینیٹر کیری بہتر امیدوار ہیں- کیری کے لئے مسلمانوں کی حمایت کو مشروط کہا گیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||