برما: وزیراعظم کو برطرف کر دیا گیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برما کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ملک کے وزیراعظم کھن نیونت کی جگہ فوج کے ایک سینیئر افسر لیفٹیننٹ جنرل سو وِن کی تقرری کی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل سو وِن کو فوج کے سربراہ جنرل تھان شوے کا قابلِ اعتماد نائب گردانا چاتا ہے۔ ٹی وی پر نشر ہونے والی خبروں کے مطابق وزیراعظم کھن نیونت نے علالت کے باعث استعفیٰ دیا ہے لیکن تھائی لینڈ کے حکام کے مطابق وزیراعظم کو پہلے ہی برطرف کرنے کے بعد انہیں گھر میں نظربند کر دیا گیا تھا۔ نامہ نگاروں کے مطابق وزیراعظم کھن نیونت کی برطرفی برما کے اصلاح پسندوں کے لیے ایک دھچکا ہو گی۔ اس سے پہلے تھائی لینڈ کی حکومت کے ترجمان نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کھن نیونت پر بدعنوانی کے الزامات عائد کر کے انہیں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر برما میں سرکاری طور پر اس خبر کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا تھا۔ برما میں سفارتکار سینیئر جنرل تھان شوے اور کھن نیونت کے درمیان اختلافات کا ذکر کر چکے ہیں۔ بی بی سی کی نامہ نگار کائلی مورس کا کہنا ہے کہ بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ سخت گیر موقف رکھنے والے طبقات کا پلڑا بھاری ہے۔ وزیر اعظم کھن نیونت اصلاح پسند رہنما سمجھے جاتے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||