غزہ کے شہروں پر اسرائیلی حملے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
غزہ بھر میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پانچ فلسطینی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک اطلاع کے مطابق جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ پر میزائیلوں کے حملے میں حماس کے دو ارکان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ جبالیہ کیمپ کے علاقے میں اسرائیل کا فوجی آپریشن گزشتہ سترہ روز سے جاری ہے۔ غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفاہ کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں ایک ستر سالہ شخص بھی شامل ہے جبکہ ان کی پینسٹھ سالہ اہلیہ شدید زخمی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹینکوں کے ہمراہ اسرائیلی فوج نے رفاہ کے سولہ گھروں کو منہدم کردیا۔ اسرائیلی فوج نے اسے عسکریت پسندوں کے خلاف ’معمول کی کارروائی‘ قرار دیا ہے۔ حملے کے دوران اسرائیلی فوج نے وسیع زرعی اراضی پر بلڈوزر چلا دیئے۔ بیت الہیہ میں مقیم فلسطین کے ایک شاعر عمر خلیل نے بتایا کہ اسرائیلی کارروائی سے نہ صرف ان کے اثاثوں کو نقصان پہنچا ہے بلکہ ان کی والدہ کی قبر بھی تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا ’مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میری ماں کی قبر سے اسرائیلیوں کو کیا خطرہ تھا۔ ’اسرائیل ہمیں یہاں سے نکال دینا چاہتا ہے، زندہ یا مردہ‘۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس تباہ کاری کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ دو ہفتوں پر محیط اسرائیلی فوجی آپریشن فلسطینی انتفادہ کے بعد سے سب سے زیادہ خطرناک آپریشن ثابت ہوا ہے اور اس میں 120 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جن میں سے 57 عسکریت پسند بتائے جارہے ہیں جبکہ باقی تمام فلسطینی شہری ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||