غزہ میں مزید اسرائیلی ٹینک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی طرف سے راکٹ حملوں کو روکنے کے لیے غزہ میں جو بڑی کارروائی شروع کی تھی اس میں شدت آتی جارہی ہے اور مزید اسرائیلی ٹینک غزہ میں داخل ہوگئے ہیں۔ اب تک سولہ فلسطینیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ جمعہ کی جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں میں تین اسرائیلی بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج علاقے میں یہ کہہ کر آئی تھی کہ وہ فلسطینی علاقوں سے داغے جانے والے راکٹ حملوں کو روکنے کے لیے ایسا کر رہی ہے۔ دو سال میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اسرائیلی ٹینک جبالیہ پناہ گزیں کیمپ کے وسط میں آگئے ہوں۔ اسرائیل کے وزیرِ اعظم ایریئل شیرون نے بدھ کو اس وقت مزید اسرائیلی فوج غزہ بھیجنے کا حکم دیا تھا جب فلسطینی علاقے سے چلائے جانے والے راکٹوں سے قریب کے اسرائیلی قصبے سڈیروٹ میں دو بچے مارے گئے تھے۔ اس سے پہلے بھی غزہ میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی ٹھکانوں پر کئی حملے کیے تھے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی طرف سے راکٹ حملے وزیرِ اعظم شیرون کے غزہ کو خالی کر دینے کے منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں۔ مسٹر شیرون کے مخالفین کہتے ہیں اگر اسرائیلی فوج غزہ سے نکل آئی تو اس سے اسرائیل کے جنوبی علاقے میں مزید راکٹ حملوں کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||