ترک اصلاحات، یورپی یونین مطمئن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
یورپی یونین کے انلارجمنٹ کمشنر گینٹر ورہوگن نے کہا ہے کہ وہ ترکی میں اصلاحات کے عمل میں پیش رفت پر مطمئن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں انقرہ کے ساتھ یورپی یونین میں شمولیت پر بات چیت کی راہ میں جو مشکلات حائل تھیں وہ دور ہوچکی ہیں۔ برسلز میں ترک وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ اب ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت کی سفارش تیار کرنے سے انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔ یورپی یونین میں شمولیت کے لیے ترکی کی کوششوں کو اس وقت سخت دھچکا پہنچا جب یورپی یونین نے ترکی کے لیے چند قانونی اصلاحات کے نفاذ کی شرط عائد کی تھی۔ ترکی کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت اتوار کو ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز بنانے پر زور دے گی۔ اس سے قبل ترکی میں شادی سے باہر ناجائز تعلقات کو جرم قرار دینے پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ ترکی کی حکومت کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کا کمیشن قانونی اصلاحات کے مطالبات پر ضرورت سے زیادہ زور دے رہا ہے۔ اب چھ اکتوبر کو یورپی کمیشن ایک رپورٹ پیش کرے گا جس سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ آیا ترکی کی ای یو میں شمولیت پر بات چیت شروع ہوسکتی ہے یا نہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||