سعودی حکومت کے خلاف دعویٰ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ میں گیارہ ستمبر 2001 کے سانحے کی تیسری برسی کے موقع پر ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی مالک ایجنسی پورٹ اٹھارتی آف نیو یارک اینڈ نیو جرسی نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رہی ہے۔ ایجنسی کے اسی سے زیادہ ملازم ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہلاک ہوئے تھے جن پر اغوا شدہ ہوائی جہاز جا کر ٹکرائے تھے اور جس کے دونوں ٹاور منہدم ہو گئے تھے۔ ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کیوں سعودی حکومت کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کر رہی ہے۔ ایک ہفتے پہلے ایک سرمایہ کار فرم کینٹر فٹز جیرالڈ نے اسی طرح کا مقدمہ دائر کیا تھا جس میں سعودی عرب پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ عطیات کے ذریعہ القاعدہ کی مدد کرتا رہا ہے اور اس طرح وہ خود بھی شریک کار بن گیا ہے۔ انیس ہائی جیکروں میں سے پندرہ سعودی باشندے تھے اور سعودی حکومت پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ القاعدہ کی مدد کرتی رہی ہے۔ فٹز جیرالڈ کے 650 ملازم دہشت گرد حملے کا نشانہ بنے تھے جو کسی بھی ایک فرم میں سب سے زیادہ ہیں۔ اس برسی کے موقعے پر امریکی وزیرِ خارجہ کولن پاؤل نے امریکی عوام سے کہا ہے کہ مسلم انتہا پسندوں کے خلاف کشمکش میں سرد جنگ کے زمانے کی طرح کی پامردی کا ثبوت دیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||