ہیتھرو: حملے کی القاعدہ کی سازش؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ میں خفیہ ادراے ان اطلاعات کی تحقیق کر رہے ہیں کہ پاکستان میں گرفتار کئے جانے والے القاعدہ کے کمپیوٹر ماہر نعیم نور خان ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ نعیم نور خان پر الزام ہے کہ وہ القاعدہ کے ارکان میں رابطے کا کام سرانجام دے رہے تھے اور خفیہ پیغامات کو القاعدہ کے مختلف ارکان تک پہنچا رہے تھے جس میں امریکہ میں دہشت گردی کے ممکنہ اہداف کے بارے میں معلومات بھی شامل تھیں۔ برطانوی اخبار دی ٹائمز کے مطابق نور خان سے برآمد ہونے والی معلومات میں ہیتھرو کے ہوائی اڈے کے بارے میں معلومات اور نقشے بھی شامل تھے۔ اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام ہیتھرو ہوائی اڈے پر دہشت گردی کے حملہ کی منصوبے بندی کی اطلاعات کی تصدیق نہیں کر رہے۔ تاہم دی ٹائمز کی خبر کے مطابق نور خان ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر دہشت گردی کے منصوبے کے حوالے سے القاعدہ کے کئی سرکردہ رہنماؤں سے رابطے میں تھے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق نور خان ہیتھرو ائیر پورٹ پر حملے کی منصوبہ بندی میں شامل تھے۔ اے ایف پی نےسرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا کہ یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ یہ حملہ کب کیا جانا تھا تاہم انہوں نے تمام معلومات امریکی اور برطانوی حکام کے حوالے کر دی ہیں۔ بی بی سی کے نمائندے ظفر عباس نے کہا کہ حکام پس پردہ بریفنگز میں بھی ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کر رہے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ مخدوم فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ پر حملے کے لیے القاعدہ کی سازش کے متعلق پاکستان نے کسی نوع کی معلومات برطانیہ کو فراہم نہیں کی ہیں۔ بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے نامہ نگار اعجاز مہر سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لندن کے اخبارات اور دیگر خبر رساں ادارے قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں شائع کر رہے ہیں جن میں ان کے بقول کوئی صداقت نہیں۔ وزیر کا کہنا تھا کہ ’زیر تفتیش القاعدہ کے اراکین سے ہیتھرو ائیر پورٹ کو اڑانے کے بارے میں کوئی معلومات نہ تو پاکستان کو ملی نہ ہی ہم نے برطانیہ کو دی۔‘ وزیر داخلہ فیصل صالح حیات نے ایک سوال پر بتایا کہ اب تک گرفتار ہونے والے القاعدہ کے تمام اراکین پاکستانی حکام کے پاس ہیں اور ان سے تفصیلی تحیقات کی جا رہی ہے اور ان میں سے ایک بھی کسی اور ملک کے حوالے نہیں کیا گیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||