برطانوی لڑکی کا مبینہ قاتل گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پولیس کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں ٹین ایجر لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے ملزم کو بھارت سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ منندر پال سنگھ کوہلی کو بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ہے۔ منندر سنگھ پر الزام ہے کہ اس نے مارچ دو ہزار تین میں سترہ سالہ ہینا فوسٹر کا قتل کیا تھا۔ اس کیس کی تفتیش کرنے والی برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مغربی بنگال کی پولیس کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ منندر سنگھ کی شناخت کی تصدیق کی جا سکے۔ ہینا کے والدین ان دنوں بھارت میں ہیں تاکہ اس کیس کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرسکیں۔ انہوں نہ منندر سنگھ کے پکڑے جانے پر انعام کی پیشکش بھی کی ہے۔ بنگال کی پولیس کے مطابق ملزم کو علی الصبح ایک چھاپے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس سپریٹنڈنٹ کے مطابق حراست کے وقت ملزم نے کوئی مزاحمت نہیں کی۔ کلکتہ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں منندر سنگھ قیام پذیر تھے وہاں کے مقامی افراد نے ملزم کو مقامی اخبار میں شائع ہونے والی تصاویر سے پہچانا۔ اس اخبار میں ہینا فوسٹر کے قتل کی پوری کہانی شائع ہوئی تھی۔ بنگال میں منندر سنگھ جعلی نام سے رہ رہے تھے۔ برطانوی پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت کی تصدیق ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||