نجف میں آپریشن روک دیا گیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں اتحادی فوج نے نجف میں شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کی جنگ بندی کی پیشکش کے بعد وہاں جاری آپریشن روک دیا ہے۔ اتحادی فوج کے ترجمان ڈین سینر نے کہا کہ اتحادی فوج شہر کا انتظام اب آہستہ آہستہ عراقی فوج کو دے دے گی۔ مقتدیٰ الصدر نے کہا تھا کہ ان کے حامی لڑائی بند کر دیں گے اگر امریکی فوج بھی اپنی پوزیشنوں سے واپس چلے جائے اور ان کے خلاف قتل کی انکوائری بند کر دی جائے۔ بغداد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتحادی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اتحادی فوج اس وقت تک نجف میں رہے گی جب تک عراقی سیکیورٹی فورس وہاں اپنا آپریشن شروع نہیں کرتی اور الصدر کے حامیوں سے اہم عمارتیں خالی نہیں کراتی۔ عراقی رہنما الصدر اور امریکہ سے بار بار مطالبہ کر رہے تھے کہ شیعوں کے مقدس مقام پر لڑائی ختم کریں۔ نامہ نگاروں کے مطابق امریکہ خود بھی تیس جون کو اقتدار کی منتقلی سے پہلے یہ مسئلہ حل کرنا چاہتا تھا۔ جنگ بندی کے اعلان کے بعد نجف کے وسط میں الصدر کے حامی کم ہی نظر آئے لیکن ابھی بھی وہ کئی عمارتوں کی چھتوں اور اہم شاہراہوں پر پوزیشنیں سنبھالے کھڑے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||