نئے عراقی وزیراعظم نامزد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سابق جلاوطن رہنما ایاد علاوی کو تیس جون سے بننے والی عراق کی عبوری حکومت کا سربراہ چن لیا گیا ہے۔ عراق کی عبوری حکمران کونسل کے ایک رکن محمد عثمان نے بتایا ہے کہ ان کا انتخاب اتفاق رائے سے عمل میں آیا۔ ایاد علاوی شیعہ فقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ مسٹر علاوی کے ایک معاون کا کہنا تھا کہ ان کو نامزدگی کی منظوری اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے لخدر براہیمی نے بھی دیدی ہے۔ لخدر براہیمی عراق میں نئی حکومت کی تشکیل میں مصروف ہیں۔ مسٹر علاوی آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات تک ملک کا انتظام چلائیں گے۔ امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حکمراں کونسل کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ اس اجلاس میں عراق کے امریکی منتظم پال بریمر بھی موجود تھے جنہوں نے مسٹر علاوی کو مبارک باد دی۔ مسٹر علاوی نے برطانیہ سے نیورولاجی (دماغ و اعصاب) کی تعلیم حاصل کی اور ستر کی دہائی میں صدام حسین کی مخالفت مول لینے کے بعد جلاوطنی اختیار کر لی۔ سن اٹھہتر میں جس وقت وہ لندن میں مقیم تھے مسٹر علاوی پر ناکام قاتلانہ حملہ ہوا تھا جو مبینہ طور پر عراق کے معزول صدر صدام حسین کے کہنے پر کیا گیا تھا۔ بعد میں انہوں نے عراقی نیشنل اکارڈ کے نام سے ایک پارٹی کی بنیاد رکھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||