’آزاد فلسطین کے لئے سنجیدہ ہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اردن میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے اردن کے شاہ عبداللہ نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ یہ ثابت کردیں کہ آزاد فسلطینی ریاست کے قیام کے مطالبے کے بارے میں وہ سنجیدہ ہیں۔ اس فورم کے دوران فلسطین اسرائیل تنازعہ ان اہم معاملات میں سے ایک ہے جو یہاں زیر غور رہیں گے۔ شاہ عبداللہ نے عراق کے مسئلہ کے حل پر بھی زور دیا۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ عراقی قیدیوں کے ساتھ امریکی فوجیوں کا غیر انسانی سلوک ان کے لیے ذاتی طور پر بھی پریشانی کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اس معاملے میں انصاف کیا جائے گا اور دنیا دیکھے گی کہ امریکہ اس معاملے سے کیسے نمٹتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی صدر بش اشرائیل فلسطین معاملے کے بارے میں دو الگ الگ آزاد ریاستوں کے حق میں ہیں جو پرامن طور پر رہ سکیں۔ دریں اثناء فلسطینی وزیرِ اعظم احمد قریع نے کولن پاول سے ملاقات کی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم ایریئل شیرون کے متنازعہ منصوبے کے بارے میں انہوں نے قریع سے کہا کہ اس منصوبے کو امن کا عمل آگے بڑھانے کے اقدام کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔ گزشتہ سال اقتدار سنبھالنے کے بعد احمد قریع کی امریکی انتظامیہ کے کسی اعلیٰ عہدیدار سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ اردن میں عالمی اقتصادی فورم کے تحت ایک ہزار سے زائد وفود، سربراہانِ مملکت، وزراء اور سینکڑوں کمپنیاں اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے جمع ہیں۔ اس کانفرنس میں پہلی مرتبہ شام بھی شریک ہو رہا ہے جہاں اس کے نمائندے اسرائیل کے کاروباری اور سیاسی رہنماؤں سے بات چیت کر سکیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||