نیٹو اجلاس پر حملے کا منصوبہ ناکام | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ترکی کی پولیس نے کہا ہے کہ اس نے 16 شدت پسندوں کو گرفتار کیا ہے جو اگلے ماہ استنبول میں ہونے والے نیٹو کے اجلاس کے دوران بم حملے کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ترکی کے شمال مغربی شہر برسا میں پولیس نے کہا کہ مشتبہ افراد بنیاد پرست گروہ انصار السلام کے اراکین ہیں جس کا مبینہ طور پر القاعدہ سے تعلق ہے۔ یہ سولہ افراد برسا شہر سے گرفتار کیے گئے ہیں جوکہ دارالحکومت استنبول کے سو کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ پولیس کا یہ بیان خبر رساں ایجنسی اناتولیا سے جاری ہوا ہے ۔ 27 اور 28 جون کو ہونے والے نیٹو کے اجلاس میں امریکی صدر جارج بش اور برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر سمیت چالیس سے پچاس سربراہان مملکت کی شمولیت متوقع ہے۔ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ انصار الاسلام تنظیم عراق پر قبضے سے قبل شمالی عراق میں سرگرم تھی۔ چند غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق گروہ پر چھاپے کے دوران بم تیار کرنے والا مادہ، بم بنانے کی ہدایات، وڈیو فلم اور حملے کا منصوبہ بھی برآمد ہوا ہے۔ نیٹو اجلاس کے لیے سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ گزشتہ برس نومبر میں استنبول میں ایک حملے کے نتیجے میں ساٹھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ حملہ آوروں کے بارے میں خیال تھا کہ ان کا تعلق بھی مبینہ طور پر القاعدہ سے تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||