قطری سفارتکار کا نیا ریکارڈ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قطر کے ایک سفارتکار نے فرانس کو اٹلی سے ملانے والی سرنگ میں مقرر کی گئی رفتار کی حد سے تین گنا زیادہ رفتار سےگاڑی چلاکر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ اس شخص نے جس کا نام نہیں بتایا گیا خیال ہے کہ مونٹ بلانک سرنگ میں ڈرائیونگ کا اب تک کا تیز ترین ریکارڈ توڑا ہے۔اس کی کار 214 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ رہی تھی ۔ 2002 میں یہ سرنگ دوبارہ کھلنے کے بعد سے اس میں رفتار کی حد سختی کے ساتھ لاگو کی گئی تھی جہاں 1999 میں ایک گاڑی حادثے کے وقت آگ کے گولے میں تبدیل ہو گئی تھی۔اس واقعہ میں 39 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 1999 میں لگنے والی آگ کے بعد اس پوری سرنگ کی مرمت کی گئی تھی اور رفتار کو ناپنے والے جدید آلات لگائے گئے تھے۔ نیا ریکارڈ قائم کرنے والا یہ واقعہ 16 اپریل کی رات کو پیش آیا لیکن اس کی تفصیلات فرانسیسی میڈیا میں ابھی آئی ہیں ۔ مونٹ بلانک پولیس نے بی بی سی نیوز آن لائن سے اس خبر کی تصدیق کی ہے لیکن مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا ۔ پیرس میں قطری سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا لیکن اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||