امریکی ’ہیرو‘ افغانستان میں ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فٹ بال کے ایک پیشہ ور امریکی کھلاڑی جنہوں نے کھیل میں بڑا نام کمانے کے بعد امریکی فوج میں شمولیت اختیار کر لی تھی جنوبی افغانستان میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ پیٹ ٹلمین کے ساتھ ایریزونا فٹبال کلب کارڈنلز نےدو ملین پاؤنڈ کا معاہدہ کیا تھا لیکن چھ ماہ بعد جب امریکہ میں گیارہ ستمبر کے خود کش حملے ہوئے تو انہوں نے فوج میں بھرتی کے لئے درخواست دی جہاں ان کی سالانہ تنخواہ اٹھارہ ہزار ڈالر مقرر ہوئی۔ ٹلمین ضلع خوست میں اس جگہ ایک مسلح لڑائی میں ہلاک ہوگئے جہاں امریکی فوج القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو تلاش کر رہی تھی۔ جب سے ٹلمین فوج میں بھرتی ہوئے تھے انہوں نے میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور فٹبال کلب چھوڑنے کے بعد انہوں نے انٹرویو دینے سے بھی انکار ہی کیا تھا۔ ستائیس سالہ ٹلیمن فوج میں شامل ہونے سے کچھ پہلے اپنی بیوی کے ساتھ ہنی مون منانے گئے تھے۔ ٹلیمن کے بھائی نے بھی جو بیس بال کے پیشہ ور کھلاڑی ہیں، فوج میں بھرتی کے لئے درخواست دی تھی۔ جمعرات کو جب ٹلمین کی موت کی خبر آئی تو ہر جگہ سے لوگ اظہارِ افسوس کے لئے آنا شروع ہوگئے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے ان کی تعریف میں یہ کہا گیا کہ ٹلمین فٹبال گراؤنڈ کے اندر اور باہر دونوں جگہ امید اور امنگ کی علامت تھے۔ وہاں کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’صدر بش اور ان کی اہلیہ ٹلمین کے خاندان کے لئے دعاگو ہیں۔‘ ایریزونا کے سینیٹر جون میکین کا کہنا تھا کہ ٹلیمین کی موت قوم کے حوصلے کے لئے ایک دھچکا ہے اور کئی امریکی خاندان وہ صدمہ براداشت کر چکے ہیں جو ٹلمین کے خاندان کو برداشت کرنا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||