تین لاکھ سے زائد نئی ملازمتیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ میں اقتصادی ترقی کی بنا پر گزشتہ ماہ تین لاکھ آٹھ ہزار نئی نوکریوں کےمواقعے پیدا ہوئے جس کی وجہ سے بش انتظامیہ کی طرف سے بے روزگاری کم کرنے کے پروگرام میں مقرر کئے اہداف کو حاصل کر لیا گیا ہے۔ مارچ میں نوکریوں کے جو نئے مواقعے پیدا ہوئے ہیں وہ عام توقعات سے تین گناہ زیادہ ہیں اور یہ بات صدر بش کے لیے اکتوبر میں ہونے انتخابات میں انہتائی مفید ثابت ہوسکتی ہے۔ زیادہ تر ملازمتیں سروس سیکٹر میں ہیں نکلی ہیں جنکی تعداد دو لاکھ تیس ہزار ہے جب کہ دوسرے نمبر پر تعمیرات کا شعبہ ہے جس میں اکہتر ہزار نئی نوکریوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ پرچوں یا ریٹیل کے شعبے میں سینتالیس ہزار نوکریوں کی گنجائش نکلی ہے اور یہ تیسرے نمبر پر ہے۔ مصنوعات کی تیاری کے شعبہ میں گو کوئی نئی ملازمت نہیں دی جا رہی تاہم اس میں برطرفیوں کا سلسلہ بند ہو گیا ہے۔ ملازمتوں کی فراہمی کے اس اعلان نے سرمایہ کاروں اور ’وال سٹریٹ‘ میں نیا جوش پیدا کیا ہے اور نیویارک کے اسٹاک ایکسچنج میں میں تینتیس اعشاریہ اٹھائیس فیصد اور ڈاون جونز میں ایک سو بارہ اعشاریہ ایک فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ایک اقتصادی ماہر کرس لؤ کے مطابق سروس کے شعبے میں بڑی تعداد میں نوکریوں کے نئے مواقعوں کا پیدا ہونا ایک انتہائی حوصلہ افزا بات ہے۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ بے روز گاری کم ہونے سے بش کو انتخابی مہم میں بہت مدد ملے گی۔ امریکہ میں سن دو ہزار تین کے آخری دو حصوں میں اقتصادی ترقی کی شرح چار فیصد رہی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||