شیرون، قریع ملاقات اگلے منگل کوہوگی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اسرائیل اور فلسطین کے وزرائے اعظم اپنےاپنے عہدے پر منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ باضابطہ ملاقات کر رہے ہیں۔ دونوں وزرائے اعظم کے قریبی حلقوں نے تصدیق کی ہے کہ یہ ملاقات جلد ہو رہی ہے۔ وزیرِ اعظم احمد قریع اور ان کے اسرائیلی ہم منصب منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ملیں گے۔ ایک فلسطینی اہلکار نے جنہوں نے اپنا نام نہیں بتایا، کہا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے رہنماؤں کی سربراہ ملاقات پندرہ مارچ کو ہو سکتی ہے۔ منگل کے روز فلسطینی وزیرِ اعظم احمد قریع نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ کسی بھی قسم کی ملاقات صرف اس صورت میں ہو سکتی ہے جب یہ واضح ہو جائے کہ بات چیت نتیجہ خیز ہوگی۔ گزشتہ کئی ماہ کے دوران اکثر یہ کوشش ہوئی ہے کہ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کرائی جائے لیکن اب تک کوئی بھی ایسی کوشش بار آور ثابت نہیں ہو سکی۔ سن دو ہزار میں فلسطینی انتفادہ شروع ہونے کے بعد سے آج تک وزیرِ اعظم ایریئل شیرون اور احمد قریع کے درمیان کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ احمد قریع نے گزشتہ برس اکتوبر میں وزیرِ اعظم کا منصب سنبھالا تھا اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر یاسر عرفات نے احمد قریع سے حلف لیا تھا۔ وزیرِ اعظم کا عہدہ بھی گزشتہ سال مارچ ہی میں تخلیق کیا گیا تھا۔ محود عباس جنہیں ابو ماذن بھی کہا جاتا ہے اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے شخص تھے تاہم یاسر عرفات سے اختیارات کے معاملات پر نزع کی وجہ سے انہوں نے استعفی دے دیا تھا۔ اسرائیل کے ایک اخبار کا کہنا ہے کہ دنوں رہنماؤں کی ملاقات اگلے منگل کو متوقع ہے لیکن ابھی تک حتمی تفصیلات طے کی جا رہی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||