چین : برڈ فلو پھر پھوٹ پڑا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چین میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ مرغیوں میں پیدا ہونے والی بیماری برڈ فولو سے تبت اور گنڈنگ کے علاقوں میں سات مزید افراد متاثر ہوئے ہیں۔ چین میں ان نئے مریض کے سامنے آنے کے بعد برڈ فلو سے متاثر ہونے کی تعداد اکتالیس ہوگئی ہے جبکہ نو افراد ایسے بھی ہیں جن کے بارے میں ابھی شبہ ہے کہ وہ بھی برڈ فلو میں مبتلا ہیں۔ برڈ فلو سے ویتنام اور تھائی لینڈ میں اب تک بیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس بیماری سے متاثرہ لاکھوں مرغیاں تلف کی جا چکی ہیں۔ دریں اثنا ویتنام میں ڈاکٹروں نے ایک اور شخص کے برڈ فلو میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ویتنام کےشمالی علاقے سے بھی ایک لڑکے کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کی اطلاع ملی ہے جس سے ویتنام میں اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد اکیس ہوگئی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ تھائی لینڈ کے ایک چڑیا گھر میں بھی ایک چیتا اس بیماری سے ہلاک ہوچکا ہے جب کہ آٹھ صوبوں میں جہاں حکام کا خیال تھا کہ یہ بیماری ختم ہوچکی ہے برڈ فلو کے وائرس نے ایک بار پھر مرغیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ بینکاک سے بی بی سی کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ حکومت کی طرف سے بیماری کو ملک سے ختم کئے جانے کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کو بیماری کی نئی لہر سے شدید دھچکا پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مہینے کے اختتام تک ملک کو برڈ فلو سے پاک قرار دینے والی تھی۔ ماہرین کا خیال ہے کے اب حکومت کو تھائی لینڈ کو برڈ فلو سے پاک قرار دینے کے لیے مزید کئی ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||