| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
برڈ فلو سے مزید ہلاکتیں
برڈ فلو کی وجہ سے دو مزید ہلاکتوں کے بعد اس بیماری کے سبب ایشیا میں مرنے والوں کی تعداد بارہ ہوگئی ہے۔ ان نئی ہلاکتوں میں سے ایک تھائی لینڈ میں ہوئی ہے جبکہ دوسرا شخص ویتنام میں ہلاک ہوا۔ ویتنام میں اٹھارہ سالہ شخص کی ہلاکت کے بعد اب وہاں اس بیماری کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد نو ہوگئی ہے۔ جبکہ تھائی لینڈ میں اٹھاون سالہ خاتون کی موت برڈ فلو ہی کی وجہ سے واقع ہوئی ہے۔ خیال ہے کہ جو لوگ اب تک اس مرض کا شکار ہوئے ہیں ان کا تعلق کسی نہ کسی طور مرغبانی کے پیشہ سے تھا۔ تاہم عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیق کر رہا ہے کہ انسانوں میں یہ بیماری کیسے آئی اور اس کا پہلا شکار کون ہوا۔ عالمی ادارۂ صحت کے ایک ترجمان نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ویتنام میں دو بہنیں برڈ فلو میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوئی ہیں اور غالباً انہیں یہ مرض ان کے بھائی سے لگا تھا۔ تاہم ویتنام میں صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||