| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان: سات امریکی ہلاک
افغانستان میں اسلحے کے ایک گودام میں دھماکے سے سات امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں اور ایک لاپتہ ہے۔ جمعرات کو ہی ملک کے جنوبی صوبے غزنی میں ایک دھماکے میں تین امریکی زخمی ہو گئے تھے جنہیں طبی امداد کے لئے بگرام کے ہوائی اڈے پر پہنچا دیا گیا ہے۔ اس ہفتے کے دوران افغانستان میں برطانیہ اور کینیڈا کے اہلکاروں سمیت خود کش حملوں میں تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایک امریکی ترجمان کے مطابق جمعرات کےواقع میں ایک مترجم بھی زخمی ہوا ہے۔ کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار اینڈریو نارتھ کے مطابق ابتدائی روپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجی اسلحہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے جب بم پھٹ گیا۔ افغانستان میں اس وقت امریکی قیادت میں بارہ ہزار افراد پر مشتمل فوج موجود ہے جو طالبان اور القاعدہ کے ارکان کی تلاش کر رہی ہے۔ گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران کابل خود کش حملوں کی زد میں رہا ہے جن کی ذمہ داری طالبان پر عائد کی جا رہی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||