| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈاکٹر کے کےالزام جھوٹے ہیں: شام
شام نے ان الزامات کی پرزور تردید کی ہے کہ عراق کے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار شام میں چھپائے گئے ہیں۔ شام پر یہ الزام کہ عراق پر حملے سے قبل وسیع تباہی پھیلانے والے کچھ ہتھیاروں کو شام منتقل کر دیا گیا تھا ان ہتھیاروں کی تلاش کا کام کرنے والے امریکی گروپ کے سابق سربراہ کی طرف سے لگائے گئے ہیں۔ تاہم شام کے وزیر اطلاعات احمد الحسن نے کہا کہ یہ الزامات قطعی بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ دمشق میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ہتھیاروں کی موجودگی کو بہانہ بنا کر امریکہ نے عراق پر حملہ کیا تھا ان کی تلاش میں ناکامی کو چھپانے کے لیے اس طرح کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ یہ الزامات ڈاکٹر کے نے برطانوی اخبار سنڈے ٹیلی گراف سے اپنے ایک انٹرویو میں لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے کسی بہت بڑے ذخیرے کی بات نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عراقی حکام سے تفتیش کے دوران پتا چلا ہے کہ جنگ سے پہلے بہت سا سامان شام بھیج دیا گیا تھا ان میں صدام حسین کے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے کچھ حصہ بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ کیا کچھ شام منتقل کیا گیا اور اس کا کیا ہوا ان سوالات کا جواب تلاش کیا جانا باقی ہے۔ عراق پر امریکی حملے کے دس مہینے گزر جانے کے بعد بھی ان ہتھیاروں کی تلاش کا کام کرنے والے گروپ کو کچھ نہیں ملا ہے۔ سنیچر کے روز امریکی وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کے بارے میں شک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||