| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
میں استعفیٰ نہیں دوں گا: شیرون
اسرائیلی وزیرِ اعظم ایریئل شیرون نے کہا ہے کہ رشوت یا بدعنوانی کے الزامات لگنے کے باوجود ان کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اسرائیلی اخبارات کے مطابق انہوں نے کہا ’میں استعفیٰ نہیں دوں گا‘۔ وزیرِ اعظم ایریئل شیرون نے یہ بات ان وکلائے استغاثہ کے تبصرے کے بعد کہی جنہوں نے کہا عندیہ دیا تھا کہ وہ ملک کے وزیرِ اعظم پر فردِ جرم عائد کریں گے۔ پہلے ہی اسرائیل کے ایک کاروباری شخص پر الزام لگا ہے کہ انہوں نے ایریئل شیرون کے ایک بیٹے اور ان کے نائب کو اربوں ڈالر رشوت دینے کی پیشکش کی تھی۔ گزشتہ برس اسرائیلی رہنما سے اس سلسلے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی اور ان نےاس بات سے انکار کیا تھا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ یروشلم میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ ایپل نامی کاروباری شخص کے خلاف الزامات لگنے کا مطلب ہے کہ ایریئل شیرون بھی سخت مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ الزامات کے مطابق انیس سو نوے کی دہائی میں انہوں نے اسرائیلی رہنما، ان کے صاحبزادے اور اسرائیل کے نائب وزیرِ اعظم ایہود اولمرٹ کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی جس کا مقصد یہ تھا کہ وہ جائیداد کے ایک سودے میں اعلیٰ ترین سطح سے اثر رسوخ یا رعایات حاص کر سکیں۔ ڈیوڈ ایپل کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انہوں نے دائیں بازوں کی جماعت لیکود پارٹی کی بر سرِ اقتدار آنے کی مہم میں ایریئل شیرون کی مدد کی تھی۔ وکلائے استغاثہ کہتے ہیں کہ یہ رقم در اصل رشوت کے طور پر استعمال کی گئی تھی اور اس وقت ایریئل شیرون وزیرِ خارجہ تھے۔ حزبِ مخالف اس الزام کے بعد سے ایریئل شیرون کے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ سابقہ حکمران جماعت کے وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا ’ایریئل شیرون کو پہلے ہی استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا کیونکہ پہلے ہی بہت کچھ کر چکے ہیں۔ آج جو ہوا ہے وہ تو ایک اضافی معاملہ ہے۔ ایریئل شیرون فضا کو آلودہ کر رہے ہیں۔‘ ایریئل شیرون کے صاحبزادوں گیلاد شیرون اور ان کے بھائی اومری کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے والد کے ایک دوست سے جن کا نام سیرل کیرن ہے اور جن کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے، تقریباً ڈیڑھ ملین ڈالر لئے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ یہ رقم کہاں استعمال ہوئی لیکن اسرائیل کی نیشنل فراڈ سکواڈ کو شبہہ ہے کہ اس سے انتخابی مہم کے حصہ داروں کو ادائیگی ہونا تھی۔ اسرائیل کے قانون کے مطابق ملک کے باہر سے سیاسی مہم کے لئے پیسہ وصول کرنا غیر قانونی ہے۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ جنوبی افریقہ والے دوست کے معاملے سے ایریئل شیرون کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں لیکن تازہ ترین الزامات کافی زیادہ تفصیلی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||