| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
تامل ریاست روکنے کے لئے اتحاد
سری لنکا میں حزبِ مخالف کی دو بڑی جماعتوں نے آپسمیں اتحاد بنایا ہے جس کا مقصد ٹامل باغیوں کی علیحدہ ریاست کے قیام کو روکنا ہے۔ صدر چندریکا کمارا ٹنگا کی جماعت نے جو حزبِ مخالف کی اہم جماعت ہے یہ کہا ہے کہ بائیں بازو کی سابق انقلابی جماعت کے ساتھ انہوں نے حب الوطنی کے جذبے کے تحت یہ اتحاد اس لئے کیا ہے کہ وہ بھی اقتدار کی کسی بھی طرح منتقلی کے حق میں نہیں۔ تامل باغیوں کا خیال ہے کہ اقتدار کی تفویض ہی سری لنکا میں کئی سال سے جاری خانہ جنگی کا حل ہے۔ حزبِ مخالف کی دونوں جماعتوں نے جس معاہدے پر دستخط کیئے ہیں اس کا اصل پیغام یہ ہے کہ سری لنکا کی سالمیت خطرے میں ہے۔ معاہدے میں بار بار کہا گیا ہے کہ امن کے عمل کے باعث سری لنکا میں ٹامل باغیوں کی علیحدہ ریاست کے قیام کا دروازہ کھل رہا ہے۔ اور یہ کہ اس مقصد کے لئے بین الاقوامی حمایت بھی موجود ہے۔ اگرچہ حزبِ مخالف کی جماعتیں کہتی ہیں کہ تامل باغیوں سے بات کرنے میں کوئی قباحت نہیں لیکن انہوں نے باغیوں کی اقتدار میں شرکت کی تجاویز یہ کہہ کر مسترد کر دی ہیں کہ ان سے علیحدہ ریاست کا راستہ کھلے گا۔ معاہدے کی دستاویز میں موجودہ حکومت کی بھی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ میڈیا مافیا کے ذریعے ملک کو آمرانہ پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر رہی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||