| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بم حملہ، بنگلہ دیشی صحافی ہلاک
ایک معروف بنگلہ دیشی صحافی مانک ساہا کو بنگہ دیش کے جنوب مغربی قصبے کھلنا میں ایک بم کے حملے میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ پینتالیس سالہ مانک ساہا ملک کے روز نامے نیو ایج کے لئے کھلنا کے نامہ نگار تھے۔ اس کے علاوہ وہ کھلنا پریس کلب کے صدر بھی تھے۔ مانک ساہا وکیل اور ماحولیات سے متعلق سرگرمیوں میں حصہ لینے کے علاوہ بی بی سی بنگالی سروس کے لئے بھی کام کرتے رہے ہیں۔ مانک ساہا کی ہلاکت بنگلہ دیش میں صحافیوں کے خلاف حملوں کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ ان کی زیادہ تر رپورٹیں جرائم اور کھلنا کے علاقے میں پھلنے پھولنے والے مجرمانہ گروہوں سے متعلق ہوتی تھیں۔ ان کے دو بچے اور اہلیہ ان کی موت پر نہایت صدمے کی کیفیت میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بم اس وقت پھٹا جب مانک ساہا ایک رکشہ پر پریس کلب جارہے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک نامعلوم حملہ آور نے اس رکشہ کی جانب بم پھینکا جس میں وہ سوار تھے۔ ان کی ہلاکت کے بعد کھلنا کے صحافیوں نے ایک مظاہرہ کیا اور ان کی موت کی ذمہ داری ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عائد کی۔اس سلسلے میں ہفتہ اور اتوار کو ملک میں ہڑتالیں کی جائیں گی۔ وزیر اعظم خالدہ ضیاء اور حزب اختلاف کی رہنما شیخ حسینہ نے اس قتل کی مذمت کی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||