| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراق میں کیمیائی ہتھیار برآمد؟
امریکی اتحادی افواج کے ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے دستے نے جنوبی عراق میں ایسے درجنوں مورٹر شیل برآمد کیے ہیں جنہیں کیمیائی ہتھیاروں کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا تھا۔ فوجی دستوں کا کہنا ہے کہ ایک سو بیس ملی میٹر کی توپوں کے ذریعے داغے جانے والے گولوں کے یہ چھتیس خول کم از کم دس سال قبل دفن کیے گئے ہوں گے۔ امریکی حکام نے بھی خول برآمد ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ خول غالباً انیس سواسّی سے انیس سو اٹھاسّی کے دوران ایران سے جنگ کے زمانے میں استعمال نہ کیے جا سکنے والوں میں سے ہیں۔ ڈنمارک کی سرکاری ویب سائٹ کے حوالے سے خبر رساں ادارے رائٹر نے کہا ہے کہ برآمد ہونے والے ان خولوں کی مزید آزمائشیں جاری ہیں اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ اس کے نتائج دو دن میں سامنے آ جائیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||