| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
تکریت میں رات بھر چھاپے
عراق میں سینکڑوں امریکی فوجیوں نے تکریت میں اتحادی فوج کے خلاف مزاحمت کرنے والوں کا صفایا کرنے کے لئے مختلف مقامات پر پانچ گھنٹوں تک چھاپے مارے ہیں۔ جمعرات اور جعمہ کی درمیانی شب سینکڑوں امریکی فوجی ایک کارروائی کے دوران تکریت میں دکانوں اور مکانوں کے اندر گھس گئے اور تلاشی شروع کر دی۔ کمانڈنگ افسر کا کہنا ہے کہ اب تک تیرہ افراد کو اتحادی فوج کے خلاف حملے کرنے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔ جمعرات کو دو امریکی فوجی طیارے پر مخالف فائرنگ کی گئی جن میں ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے نو افراد لقمۂ اجل بن گئے۔ تکریت میں پانچ گھنٹوں تک چھاپوں کی کارروائی جاری رہی اور جون سے اب تک یہ تیسری ایسی کارروائی ہے جو چوتھے انفنٹری ڈویژن نے کی ہے۔ امریکی فوج کے لیفٹینٹ کرنل سٹیون رسل کا کہنا ہے کہ ’رات کی کارروائی اچھی رہی اور کل صبح تکریت ایک زیادہ محفوظ مقام ہوگا۔‘ تاہم ان کارروائیوں میں نہ تو وہ مشتبہ افراد امریکی فوج کے ہاتھ آئے جو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں اور نہ ہی اسلحے کی کوئی کھیپ پکڑی گئی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||