| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’امریکی ماہرین آکے دیکھ لیں‘
اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا امریکہ کے اعلیٰ جوہری سائنسدانوں کی ایک ٹیم کو یونگ بیان کی جوہری تنصیبات دکھانے کے لیے راضی ہو گیا ہے۔ امریکی سائنسدانوں کا یہ دورہ اگلے ہفتے تک متوقع ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہو گا کہ ایک سال پہلے شمالی کوریا سے نکالے گئے نیوکلیئر انسپکٹروں کے بعد کوئی باہر کا آدمی ان تنصیبات میں داخل ہو۔ ایک امریکی اخبار کے مطابق وفد میں ایک سینیئر جوہری سائنسدان اور دیگر دوسرے افراد ہوں گے۔ شمالی کوریا پر اس کے حلیف چین کا دباؤ ہے کہ وہ امریکہ سے جوہری منصوبے کے متعلق مذاکرات بحال کرے۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق اگر یہ اعلیٰ سطحی وفد شمالی کوریا چلا گیا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ دونوں فریق مذاکرات بحال کرنے کے لیے راضی ہو رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی وفد شمالی کوریا جائے گا۔ تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یونگ بیان کی کون سی تنصیب معائنے کے لیے کھولی جائے گی۔ شمالی کوریا اور امریکہ میں گزشتہ ایک سال سے جوہری پروگرام پر تنازعہ ہے۔ اختتامِ ہفتہ پر شمالی کوریا نے کہا تھا کہ وہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ اس سال سفارتی رابطے بحال کرنے کی کوشش کرے گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||