| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
گولان پر اور گھر بنائیں گے: اسرائیل
اسرائیل نے مقبوضہ گولان پہاڑیوں پر نئے آبادکاروں کے لئے ہزاروں گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر زراعت یسرائیل کعتض نے کہا ہے کہ شام سے انیس سو سڑسٹھ میں چھینی گئی زمین پر قبضہ مضبوط کرنے کے لئے آئندہ تین برس میں آبادی میں پچاس فی صد اضافہ ہوگا۔ شام نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاکمیت کے امور بین الاقوامی قوانین کے ذریعے حل کئے جانے چاہئیں نہ کہ فوجی قوت سے۔ شام کے نائب وزیر خارجہ عیسا داویش نے کہا کہ اسرائیل یہ سمجھ کر اپنے آپ کو دھوکہ دے رہا ہے کہ وہ قوت اور قبضے سے کچھ حاصل کر سکتا ہے۔ شام کے صدر بشر الاسد نے حال ہی میں گولان کی پہاڑیوں پر دوبارہ مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا تھا۔ اسرائیلی وزیر زراعت نے اسرائیلی ریڈیو پر کہا ’(ہمارا) مقصد صاف طور پر یہ پیغام بھیجنا ہے کہ گولان اسرائیل کا اٹوٹ حصہ ہے۔‘ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں نو نئی بستیاں تعمیر کی جائیں گی۔ یہاں پہلے ہی سترہ ہزار اسرائیلی آبادکار رہتے ہیں۔ گولان کی پہاڑیوں پر انیس سو سڑسٹھ کی عرب۔اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیل نے قبضہ کر لیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||