| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بام کو پھر سے بسائیں گے: خامنئی
ایران کے قائد اعلی آیت اللہ خامنئی نے زلزلے سے تباہ شدہ شہر بام کے دورے پر لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ شہر کو پھر سے زیادہ مضبوط آباد کیا جائے گا۔ شہر کے ایک چوک پر تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’ہم بام کو زیادہ مضبوط بنائیں گے۔‘ وہ متاثرین کو یہ باور کروانے کے لئے پیر کے روز بام کا دورہ کر رہے تھے کہ ایرانی قیادت ان کی حالت زار سے غافل نہیں ہے۔ جمعہ کے روز آنے والے اس زلزلے میں بائیس ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد تیس ہزار تک بڑھ جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہزاروں لوگوں نے بے سرو سامانی کی حالت میں تیسری رات بھی کھلے آسمان تلے بسر کی۔ امدادی کارکنوں نے اب ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر کسی کو زندہ نکالنے کی کوششیں تقریباً ترک کر دی ہیں اور زیادہ توجہ ان ہزاروں لوگوں کی بحالی پر دی جا رہی ہے جو کھلے آسمان تلے بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سنیچر کے روز تقریباً ایک ہزار افراد کو زندہ نکالا گیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||