| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانیہ: حفاظتی انتظامات سخت
امریکہ میں دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات کو سخت کئے جانے کے بعد برطانیہ نے بھی فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات کئے ہیں۔ حکومت کے اعلان کے مطابق اب مختلف پروازوں میں عام لباس میں ملبوس کچھ مسلح گارڈز یا ائیر مارشل بھی سفر کریں گے۔ اس کے علاوہ برطانیہ بھر میں ہوائی اڈوں پر بھی مسافروں کی جانچ پڑتال کو مزید سخت کر دیا گیاہے۔ یہ اقدام گزشتہ بدھ کو دہشت گردی کے خدشہ کے پیش نظر فرانس کی فضائی کمپنی ائیر فرانس کی چھ پروازوں کے منسوخ کئے جانے کے بعد کئے گئے ہیں۔ حکومت نے ان اقدامات کو ایک ذمہ دارانہ اور عقلندانہ قرار دیا۔ ایک اور حکومتی اطلاع کے مطابق دہشت گرد سعودی عرب میں حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے آخری مراحل میں ہیں۔ برطانوی باشندوں کو سعودی عرب سفر کرنے کے بارے میں پہلے ہیں خبردار کر دیا گیا ہے۔ برطانیہ کے وزیر داخلہ ڈیوڈ بلنکٹ اور ٹرانسپورٹ کے وزیر الیسٹر ڈرالنگ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ امریکہ میں سیکورٹی کی اقدامات کو سخت کئے جانے کے بعد لازم ہو گیا تھا کہ برطانیہ بھی اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرئے۔ ڈیوڈ بلنکٹ نے کہا کہ سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارو ں کو پہلے ہی چوکس کر دیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ فضائی سفر محفوظ ہے اور اگر لوگوں کی زندگیوں کو کوئی خطرہ ہوا تو ہم انھیں فوراً خبردار کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی طرف سے کئے گئے اقدامات عوام کے سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے کئے گئے ہیں۔ فرانس کے وزیر اعظم نے پیرس اور لاس انجلس کے درمیان گزشتہ بدھ اور جمعرات کو پروازوں کو منسوخ کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ حکم امریکہ کی خفیہ ایجنسیوں کی ان اطلاعات کی روشنی میں جاری کیا گیا تھا کہ القاعدہ تنظیم پھر مسافر بردار جہازوں کے ذریعے حملے کر سکتی ہے۔ ان پروازوں کے منسوخ کئے جانے کے چند گھنٹوں بعد ڈیلٹا ائیر لائن کے نیویارک کے لاگارڈیا ہوائی اڈے پر ٹرمٹنل کو خالی کرالیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||