| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
نابلس میں چار فلسطینی ہلاک
اسرائیلی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس میں چار مشتبہ فلسطینی شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوجی ذرائع نے کہا کہ اسرائیل میں خود کش حملہ آور بھیجنے کی کوشش کرنے والے شدت پسندوں کی تلاش میں نابلس جانے والے فوجیوں پر شہر کے قدیم حصے میں حملہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے فوجیوں کی طرف بم لے کر دوڑنے کی کوشش کی اور تین بندوق برداروں نے ایک چھت کے اوپر سے گولی چلا دی۔ مقامی لوگوں نے پانچ ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع نے خبر رساں ایجسنی اے ایف پی کو بتایا ہلاک ہونے والوں میں ایک پچیس سالہ نان بائی تھا جس کو پندرہ گولیاں لگی تھیں۔ دوسرے فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے اس شخص کو اس وقت ہلاک کر دیا گیا جب وہ کام پر جا رہا تھا۔ اسرائیلی فوجی منگل کے روز نابلس میں تنظیم نامی گروہ کے اراکین کی تلاش میں داخل ہوئی۔ یہ جھڑپ ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب اسرائیل غرب اردن کے لیے نئے منصوبے تیار کر رہا ہے۔ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وزیراعظم ایریل شیرون جمعرات کو اپنی تقریر میں شاید ان نا معلوم ’یکطرفہ اقدامات ‘ کے بارے میں بات کریں جن کا ذکر انہوں نے حال ہی امریکی ’روڈ میپ‘ یا نقشہ راہ کی ناکامی کی صورت کے تناظر میں کیا تھا۔ اس طرح کی قیاس آرائیوں سے فلسطینی اور امریکی دونوں ہی فکر مند ہوگئے ہیں کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ ایسا وقت آسکتا ہے کہ شیرون بات چیت کے ذریعے طے پانے والے حل کی جگہ کوئی اپنا طریقہ عمل میں لائیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||