BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 10 December, 2003, 15:50 GMT 20:50 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
مغرب پر نوبیل خاتون کی تنقید
عبادی کی مغرب کو تنبیہ

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی ایرانی وکیل شیریں عبادی نے ’دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ‘ میں انسانی حقوق کی پامالی پر مغرب کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

انعام قبول کرنے کے بعد ایک تقریر میں چھپن سالہ شیریں نے کہا کہ گیارہ ستمبر دو ہزار ایک کو امریکہ میں رونما ہونے والے واقعات کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔

شیریں نے اپنی تقریر میں سوال کیا کہ ’ایسا کیو ں ہے کہ گزشتہ پینتیس برس میں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے متعلق متعدد قراردادوں پر عمل نہیں کیاگیا ہے؟

’جبکہ گزشتہ بارہ برس میں عراقی ریاست اور عراق کےعوام کو پہلے اقوام متحدہ کی سفارش پر اور پھر اس کی اجازت کے بغیر فوجی کارروائی، اقتصادی پابندیوں اور آخر میں فوجی قبضے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ بات تشویش ناک ہے کہ وہی مغربی ممالک انسانی حقوق کی پامالی کر رہے ہیں جنہوں نے یہ حقوق متعارف کرائے۔ انہوں نے خاص طور پر گوانتانامو بے میں جنیوا کنوینشن کی مبینہ خلاف ورزیوں کا ذکر کیا۔ کیوبا میں اس امریکی فوجی اڈے پر تقریباً چھ سو قیدی بغیر مقدمہ چلائےگزشتہ دو برس سے زیر حراست ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا نوبیل انعام حاصل کرنا بڑی تعداد میں خواتین کو اپنے حقوق کے لئے لڑنے پر مائل کرے گا۔

ایران میں وکالت کرنے والی شیریں نوبیل انعام جیتنے والی پہلی مسلم خاتون ہیں۔ انہیں یہ انعام ایران میں بچوں اور خواتین کے حقوق کے لئے ان کے کام پر دیا گیا اور انہیں اس انعام کے لئے ایسے وقت میں چنا گیا جب ان کے مقابل پوپ جان پال دوئم اور چیک صدر وسلاف اکلاؤ ہیول بھی تھے۔

ایران کے بارے میں شیریں نے کہا کہ ’ایران کے عوام نے دکھایا ہے کہ وہ ریاستی معاملات میں شرکت کرنا اپنا حق سمجھتے ہیں اور یہ کہ وہ اپنی تقدیر کے خود مالک بننا چاہتے ہیں۔‘

شیریں نے عزم کر رکھا ہے کہ وہ ایرانی حکومت پر انسانی حقوق کے ان معاہدے پر عمل کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں گی جن پر ایران نے دستخط تو کئے ہیں لیکن عمل نہیں کیا ہے۔ شیریں عبادی نے کہا ہے کہ وہ اپنی اور اپنی تنظیم، انسانی حقوق کے دفاع کا مرکز، کی سرگرمیوں کو تیز کریں گی۔

شیریں کو نوبیل امن انعام دیئے جانے پر ایران میں تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ دائیں بازو کے اخباروں کا کہنا تھا کہ یہ انعام ایران پر دباؤ ڈالنے کے بیرونی ممالک کے منصوبے کا حصہ ہے۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد