| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان: غیرملکی انجنیئروں کا اغوا
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے کابل کے جنوب مشرق میں دو ترک انجنیئروں اور ایک افغان شہری کو اغوا کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق اغوا کی یہ واردات جمعہ کے روز ہوئی ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ مغویوں کو کسی دوسرے صوبے میں لے جایا گیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔ اس سے قبل حکام نے صوبہ زابل کے علاقے شجئے میں شاہراہیں تعمیر کرنے والے دو بھارتی انجنیئروں کے اغوا تصدیق کی تھی۔یہ انجنیئر دارالحکومت کابل اور جنوبی شہر قندھار کو ملانے والے مرکزی شاہراہ پر سفر کر رہے تھے۔ یہ واقعہ سنیچر کے روز پیش آیا تھا۔ پشاور میں افغان اسلامک پریس کا کہنا ہے کہ انہیں ایک طالبان رکن جس نے اپنا نام محمد عثمان بتایا ٹیلی فون کرکے دعوی کیا کہ بھارتی انجنیئروں کے اغوا کی یہ کارروائی طالبان نے کی ہے۔ یہ انجنیئر کابل قندھار شاہراہ کی مرمت پر مامور تھے اور ایک بھارتی ٹھیکدار کے لئے کام کر رہے تھے۔ گزشتہ دنوں زابل ہی میں ایک ترک انجنیئر کو بھی اغوا کیا گیا تھا جس کی رہائی کے بدلے میں بعض اہم طالبان ارکان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں مذکورہ انجنیئر کو مبینہ طور پر بغیر کسی شرط کے رہا کر دیا گیا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||