| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
قندھارمیں دھماکہ: اٹھارہ زخمی
افغانستان کے جنوبی شہر قندھار کے وسط میں ایک بڑا دھماکہ ہوا ہےجس میں اٹھارہ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ شہر کی پولیس کے سربراہ نے دھماکے کا الزام طالبان اور ان کے حامیوں پر عائد کیا ہے۔ دھماکہ شہر کے تجارتی مرکز میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شہر کے سب سے بڑے اس ہوٹل کے نزدیک ہوا جہاں عام طور پر غیر ملکی ٹھہرتے ہیں۔ اس ہوٹل کے قریب ایک گیسٹ ہاؤس بھی واقع ہے۔ موقع پر موجود ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ ہوٹل کے قریب کھڑی ایک سائیکل پر نصب بم کے پھٹنے سے ہوا۔ بدھ کو اسی علاقے میں گرینیڈ پھٹنے سے دوامریکی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا ہے جب افغانستان کے جنوب میں واقع پانچ صوبوں میں لویا جرگہ کے مندوبین منتخب کرنے کے لئے انتخاب ہو رہے ہیں۔ لویا جرگہ اسی ماہ نئے قانون کی توثیق کرے گا۔ گزشتہ ماہ شہر میں اقوامِ متحدہ کے دفاتر کے قریب کار بم کا دھماکہ بھی ہوا تھا۔ حالیہ مہینوں میں جنوبی اور جنوب مشرقی افغانستان میں دھماکوں سے کئی امدادی کارکن ہلاک ہوئے ہیں۔ قندھار سابق طالبان حکومت کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||