| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
سعودی: غیر قانونی اسلحہ برآمد
سعودی حکومت نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرنے اور ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت اور کوائف بعد میں بتائے جائیں گے۔ جن دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کیا گیا ہے وہ دارالحکومت ریاض میں المحیہ رہائشی کمپلیکس میں کیے جانے والے دھماکوں میں ملوث تھے۔ حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق اس کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد کیے جانے والے اسلحہ اور گولہ بارود میں ایک سیم ۔سیون میزائل، دس آر جی بائیس سسٹم، ایک ہزار دستی بم، راکٹ داغنے والے دو لانچر، بجلی کے ذریعے بارودی دھماکے کرنے میں استعمال ہونے والے آٹھ سو نوے خول، اڑتیس ہزار چار سو کلو گرام آر ڈی ایکس دھماکہ خیز مواد، ایک ہزار تین سو نوے کلو گرام دیگر دھماکہ خیز مادہ، دھماکوں میں کام آنے والے چھ موبائل سیٹ، اسی کلاشنکوف بندوقیں، مشین گن کی گولیوں کے چار سو دس ڈبے، وائر لیس کے چالیس سیٹ، تین کمپیوٹر سیٹ، مقناطیسی ڈسکس، چورانوے ہزار تین پچانوے ریال، مختلف شناختی کارڈ اور ایسے تحریری مواد پر مبنی شائع شدہ پرچے برآمد کیے گئے جن میں دہشت گردی کی ترغیب دی گئی تھی۔ دہشت گردی کے اس سیل سے وابستہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے حکام کی تحقیقات جاری ہیں۔ وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ سلطنت اور اس کے شہریوں کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے کسی بھی شخص کو نہیں بخشا جائےگا۔ وزارت نے شہریوں کو بھی متنبہ لیا ہے کہ وہ مشتبہ آدمی کو پناہ نہ دیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||