| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
منصوبہ امن پر اختلاف
امریکی وزیر خارجہ کولن پاؤل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیلی مخالفت کے باوجود اس غیر سرکاری امن منصوبے کے پیش کاروں سے ملاقات کریں گے جسے فلسطینی اور اسرائیلی سیاستدانوں نے پیر کو جینیوا میں جاری کیا تھا۔ اس منصوبے میں ایک فلسطینی ریاست کے قیام کے ساتھ ساتھ بیشتر یہودی بستیوں کے خاتمے کا ذکر ہے تاہم اس امر کا فیصلہ اسرائیلی حکومت پر چھوڑ دیا گیا ہے کہ کتنے فلسطینی پناہ گزین اپنے گھروں اور زمینوں پر واپس آ سکتے ہیں۔ اسرائیل نے اس منصوبے کی مخالفت کی ہے جبکہ فلسطینی انتظامیہ نے بھی کچھ خاص گرمجوشی نہیں دکھائی۔
اسرائیل کے نائب وزیر اعظم نے امریکی وزیر خارجہ کے اس اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس منصوبے کے معماروں سے ملاقات کر کے غلطی کر رہے ہیں۔ تاہم کولن پاؤل کا کہنا تھا کہ وہ ان لوگوں کی بات ضرور سننا چاہیں گے جو خطے میں امن قائم کرنے کے حوالے سے پر عزم ہیں۔ ان میں سابق اسرائیلی وزیر انصاف یوسی بیلن اور سابق فلسطینی وزیر اطلاعات یاسر عبد ربو شامل ہیں۔ یہ ملاقات واشنگٹن میں جمعے کے روز ہونا قرار پائی ہے۔ کولن پاؤل اس وقت شمالی افریقہ کے دورے پر ہیں۔ بدھ کے روز مراکش کے شاہ محمد ششم سے ملاقات کے بعد وہ الجزائر کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||