| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
شمالی کوریا: امریکہ سے ہرجانہ
شمالی کوریا نے امریکہ پر ایٹمی معاہدے کی عمداً خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ وہ امریکہ سے اس خلاف ورزی کا ہرجانہ چاہتا ہے۔ امریکی پشت پناہی سے قائم کنسورشیم نے گزشتہ ہفتے شمالی کوریا میں ان ایٹمی بجلی گھروں کا تعمیراتی کام روک دیا جو ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کے بدلے میں بنائے جا رہے تھے۔ امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین یہ معاہدہ انیس سو چورانوے میں ہوا تھا اور اس کے تحت امریکہ نے شمالی کوریا کو پیش کش کی تھی کہ اگر وہ ایٹمی ہتھیاروں کے حصول کی کوششیں ترک کر دے تو امریکہ اسے دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے سرمایہ فراہم کرے گا۔ شمالی کوریا کے پارٹی ترجمان اخبار نے لکھا ہے کہ اب امریکہ کا اس کنسورشیم کی پشت پناہی سے دست بردار ہو جانا جو دونوں بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے سرمایہ فراہم کر رہا ہے، معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور کوریا معاہدے کی خلاف ورزی پر ہرجانہ طلب کرنے میں حق بجانب ہے۔ شمالی کوریان کا کہنا ہے کہ دونوں بجلی گھر پہلے ہی اپنے مقررہ وقت کے بر خلاف تاخیر کا شکار ہو چکے ہیں اور امریکہ شروع ہی سے ان بجلی گھروں کی تکمیل نہیں چاہتا تھا۔ دوسری طرف امریکہ کا کہنا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ابتدا شمالی کوریا نے کی ہے اور اس نے پہلے خفیہ طور پر ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری شروع کی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||